Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں نماز جمعہ کے دوران دہشتگردوں کا حملہ، 235افراد جاں بحق

قاہرہ .... مصر کے صحرائے سینا میں واقع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دہشتگردوں کے حملے میں 235افراد جاں بحق اور 109سے زیادہ زخمی ہوگئے۔40کے قریب دہشتگردوں نے پوزیشن لیکر مسجد پر فائرنگ کی اور بم دھماکہ کیا۔ جس کے بعد وہ فرار ہوگئے۔ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم مصری فضائیہ نے سینا میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی اور انکے ایک لیڈر عماد الدین عبدالحامد کو ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے بعدجب نمازی جان بچانے کیلئے بھاگنے لگے تو ان پر فائرنگ کی گئی۔ ایمبولینسوں پر بھی فائرنگ کی گئی۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ دہشتگرد 4گاڑیوں میں آئے اور انہوں نے فائرنگ کردی۔ اس سے پہلے انہوں نے مسجد کا گاڑیوں سے محاصرہ کرلیا تھا اوراس کے بعد جب لوگ بھاگنے لگے تو انہوں نے ان گاڑیوں کو آگ لگادی۔ امدادی اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں بہت سے لوگوں کی حالت نازک ہے۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے حملے کے فوری بعد سلامتی کے اداروں کے حکام کے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ دہشتگردوں کو کچل دیا جائیگا۔اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کے سربراہ اوراعلیٰ حکام موجود تھے۔ انہوں نے ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ مسلح افواج اور پولیس اہلکار شہیدوں کا بدلہ لیں گے او رپوری قوت سے ملک میں سلامتی اور استحکام قائم کیا جائیگا۔ جو کچھ بھی دہشتگردی ہورہی ہے اسکا مقصد انسداد دہشتگردی کے خلاف ہمیں اقدامات سے روکنا ہے۔صدر سیسی نے ملک میں 3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ صحرائے سینا میں اب تک دہشتگرد سیکڑوں فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرچکے ہیں۔

شیئر: