Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلنگٹن ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 134 رنز پر ڈھیر

 
ویلنگٹن:نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین ویلنگٹن میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 134 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ کیرن پاول 42 رنز کے ساتھ ٹاپ ا سکورر رہے۔ نیل ویگنر نے تباہ کن بولنگ کی اور 7 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنا لئے۔ جیت راول 29 اور روز ٹیلر 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جمعہ کو ویلنگٹن میں شروع ہونے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کریگ براتھویٹ اور کیرن پاول نے 59 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کریگ براتھویٹ پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بناکر نکولس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ 75 پر ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ گر گئی جپ کیرن پاول 42 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر جیت راول کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ نیل ویگنر نے ایک ہی اوور میں شمرون ہیٹمیئر اور شائی ہوپ کو آوٹ کرکے ویسٹ انڈیز کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ اگلے ہی اوور میں ڈیبیو کرنے والے سنیل ایمبرس پہلی ہی گیند پر ہٹ وکٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ روسٹن چیز 5 ، کپتان جیسن ہولڈر صفر، شین ڈورچ 18 ، کمنز ایک اور شینن گیبریئل 10 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ کمیار روچ 14 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ نیل ویگنر نے کیریئر بیسٹ بولنگ کی اور 39 رنزکے عوض 7 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنا لئے اور اسے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا ا سکور برابر کرنے کےلئے49 رنز درکار ہیں۔ ٹام لیتھم 37 اور کین ولیمسن ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔ جیت راول 29 اور روز ٹیلر 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ کیمار روچ اور جیسن ہولڈر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: