Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بڑی سازش سے بچ گیا،وزیر داخلہ

نارووال...وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ میرے علم میں وہ معلومات ہیں جو آپ کے پاس نہیں۔ گزشتہ دنوں بہت بڑی سازش سے بچ گئے۔سازش کا مقصد مذہب کی بنیاد پر فساد کرانا تھا۔ نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیبیا میں فساد سے مسلمان اپنے ہی مسلمان بھائیوں کو مار رہے ہیں۔عراق دنیا میں ترقی کرتا ہوا ملک تھا۔ آج اس کے حالات کہاں پہنچ گئے ۔ احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ترکی میں فوجی بغاوت کا ڈرامہ رچایا گیا جسے عوام نے ناکام کر دیا۔ اگر سازش کامیاب ہو جاتی تو ترکی میں بھی خانہ جنگی ہوتی۔افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان گزشتہ 35 سال سے خانہ جنگی کا نشانہ بن رہا ہے۔وہاں غیر ملکی فورسز کے اڈے بن چکے ہیں۔ کشمیر، میانمار اور فلسطین میں مسلمان اپنے وطن کے لئے دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں مگر کوئی پرسان حال نہیں۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم ممالک کی واحد ایٹمی طاقت ہے۔اگر پاکستان معاشی طاقت بن گیا تو دنیا میں اس کا کیا مقام ہو گا۔ اگر پاکستان کو تباہ کرنا ہے تو مسلمانوں کو آپس میں لڑا دو۔ کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتے کہ پاکستان معاشی قوت بن کر ابھرے۔ ہمسایہ ملک کہہ چکا ہے کہ وہ سی پیک کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ ہند، پاکستان میں فوجیں بھیج کر سی پیک کو نہیں روک سکتا۔دشمن پاکستان کے امن کو تباہ کر کے سی پیک کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ دشمن کی کوشش ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام کو کمزور کرے۔امن و استحکام تب ہی کمزور ہو سکتا ہے جب عوام کو آپس میں لڑا دیا جائے۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے عوام کو یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔

شیئر: