پاکستان نے دبئی بیس بال کپ جیت لیا
لاہور: پاکستان بیس بال ٹیم نے روایتی حریف ہند کو یکطرفہ مقابلے میں2-11سے ہرا کر دبئی کپ جیت لیا۔ایمریٹس دبئی لٹل لیگ بیس بال گراونڈ میں پاکستان ہندکے درمیان ہونے والے ایونٹ میں روایتی حریف کو2-11سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ہندوستانی ٹیم کے خلاف اسکور کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، پہلی اننگز میں کوئی بھی ٹیم اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی جبکہ دوسری اور تیسری اننگز میں دونوں سائیڈز کی طرف سے ایک، ایک اسکور بنا اور چوتھی اننگز میں ایک بار پھر کوئی بھی ٹیم اسکور نہ کر سکی۔پاکستانی ٹیم نے پانچویں، چھٹی اور ساتویں اننگز میں کھل کر عمدہ کارکردگی کے جوہر دکھائے اور بالترتیب 4، 2 اور3 رنز بنا کر میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا جبکہ آٹھویں اننگز میں کوئی بھی ٹیم اسکور نہ کر سکی۔پاکستان کی طرف سے کپتان عمیر بھٹی، مصدق حنیف، محمد عثمان، عمیر امداد بھٹی، ذاکر آفریدی، امین آفریدی اور عبدالرحمان کی عمدہ کارکردگی نے گرین شرٹس کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔