Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیجریوال نے کمار کا وشواس توڑ دیا

    نئی دہلی- - - - - -   عام آدمی پارٹی کی طرف سے  راجیہ سبھا  کیلئے 3 امیدواروں کے حتمی اعلان کے بعد  پارٹی کے سینیئر لیڈر  اور  ٹکٹ  کے  دعویدار رہے  کمار وشواس نے  وزیراعلیٰ اروند کیجریوال پر تلخ تنقید کی ہے۔  انہوں نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے  امیدوار بنائے گئے  سوشیل گپتا  اور این ڈی گپتا  دونوں ہی انقلابیوں کی آواز  ہیں اور وہ خود بھی  بڑے انقلابی  ثابت ہوچکے ہیں۔ کمار وشواس نے کہاکہ  اروند کیجریوال نے  ان سے  کہا تھا کہ  کمار  تم کو ماریں گے لیکن قربان نہیں ہونے دیں گے۔  اب  قربان کردیا گیا تو میں اپنی قربانی تسلیم کرتا ہوں لیکن ساتھ ہی  پارٹی سے درخواست ہے کہ وہ  اسکے ساتھ  ایک  فوجی  جیسا سلوک کرے  جس کی لاش  کا احترام کیا جاتا ہے  لہذا  جب مجھے قربان کردیا تو پھر میری لاش سے چھیڑ چھاڑ نہ کریں اور مستقبل میں پارٹی میں گندگی نہ پھیلائیں۔  واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی  نے  بدھ کو  راجیہ سبھا کیلئے  دہلی کوٹے سے 3  پارٹی امیدواروں  کا حتمی اعلان کردیا ہے جن میں  پارٹی کے سینیئر لیڈر سنجے سنگھ بھی شامل ہیں۔ کمار وشواس کو یقین تھا کہ انہیں پارٹی کی طرف سے راجیہ سبھا میں نمائندگی کیلئے بھیجا جائے گا جس کا انہوں نے متعدد بار  برملا  اظہار بھی کیا تھا۔  کمار وشواس نے کہا کہ  راجیہ سبھا کا امیدوار نہ بناکر  انہیں سچ بولنے کی سزا دی  گئی ہے۔  سرجیکل اسٹرائیک  کا معاملہ ہو  یا  پنجاب میں انتہاء پسندوں کی سرگرمیاں  یا پھر  جے این یو کا مسئلہ ہو ، ان سب معاملے میں انہوں نے سچائی کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا جس کی انہیں  سزا دی گئی ہے۔  انہوں نے  باغیانہ اشارے  دیتے ہوئے کہا  کہ ہم سب کی لڑائیاں اکیلی ہیں اور وہ خود ہی اب اپنی لڑائی آگے بڑھائیں گے۔  دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند  کیجریوال  کے  معتمدین میں شمار ہونیوالے  کمار وشواس سے  اب وزیراعلیٰ  کے اختلافات  نمایاں ہوگئے ہیں۔  کمار کو ٹکٹ نہ دیئے جانے کا اثر  عام آدمی پارٹی کی داخلی سیاست  اور  حکومت پر بھی  دیکھنے کو مل سکتا ہے کیونکہ متعدد ارکان اسمبلی  اور  کارکن  کمار وشواس کے  حامی مانے جاتے ہیں۔ ان لوگوں نے  کمار کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ دلانے کیلئے  مظاہرہ بھی کیا تھا۔

شیئر: