Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک بحریہ کا ملکی ساختہ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

کراچی..... پاک بحریہ نے اندرون ملک تیار کردہ ”حربہ‘ ‘ نیول کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نے کسی بھی بحری جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور پاک بحریہ کے میزائل کرافٹ ’پی این یس ہمت‘ نے اندرون ملک تیار کردہ ”حربہ‘ ‘ نیول کروز میزائل فائر کیا۔ یہ میزائل سطح آب سے سطح آب پر مار کرنے اور زمینی حملے کی صلاحیت کا حامل ہے جس نے تجربے کے دوران اپنے ہد ف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا، جبکہ میزائل فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی فائر پاور کی قابل اعتماد صلاحیت کا مظہر ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ’پی این ایس عالمگیر‘ سے میزائل فائرنگ کے اس مظاہرے کو دیکھا۔ انہوں نے نیول فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور حربہ نیول ویپن سسٹم پر تحقیق کرنے والے تمام انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ اندرون ملک دفاعی صلاحیتوں کو مزید فروغ دینے اور بیرونی ممالک پر انحصار کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ پاک بحریہ پاکستان کے بحری دفاع اور مفادات کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ 

شیئر: