Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ نے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جیت لیا

میلبورن : جیسن روئے کی ریکارڈ ساز 180 رنزکی اننگز کی بدولت انگلینڈ نے عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ جیسن روئے اور جوائے روٹ نے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ دونوں بلے بازوں نے 221 رنز کی شراکت قائم کرکی۔ جیسن روئے نے غیرمعمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 180 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی وہ اپنے ملک کی طرف سے انفرادی طور پر بڑی ون ڈے اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بھی بن گئے۔ جوائے روٹ نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 91 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ آسٹریلوی اوپنر ایرون فنچ کی سنچری کے علاوہ اسٹوئنس اور مچل مارش کی نصف سنچریاں بھی رائیگاں گئیں۔ جیسن روئے کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیانے 8 وکٹوں پر 304 رنز بنائے۔ فنچ نے 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ا سٹوئنس نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور 60 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ مچل مارش 50 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ وارنر 2، ٹریوس ہیڈ 5، کپتان ا سٹیون ا سمتھ 23، ٹم پین 27 پیٹ کمنز 12 رنز بناسکے۔ اینڈریو ٹائی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ لیام پلنکٹ نے 3 ، عادل رشید نے 2، کرس ووکس، مارک ووڈ اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جیسن روئے اور جونی بیئر سٹو نے 53 رنز کا آغاز دیا۔ بیئرسٹو 14 رنز بنا کر ا سٹارک کی گیند کا نشانہ بنے۔ ایلکس ہیلز بیٹنگ کا جادو جگانے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔60 کے مجموعی ا سکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد جوائے روٹ نے جیسن روئے کا ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 221 رنز کی اہم اور فاتح گر شراکت قائم کی۔ بدقسمتی سے جیسن ڈبل سنچری مکمل نہیں کرسکے اور 281 رنز کی مجموعی اسکور پر 180 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد ا سٹارک کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔کپتان این مورگن ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف ایک رن بنا کر کمنز کی گیند کا نشانہ بنے۔جوز بٹلر 4 رنز بنا کر چلتے بنے لیکن جوائے روٹ ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور 91 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔معین علی نے5 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔ مچل ا سٹارک اور پیٹ کمنز نے 2 ، 2 اور ا سٹوئنس نے ایک وکٹ لی۔

شیئر: