کراچی /حیدرآباد... وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ راو انوار کو سندھ حکومت نے کوئی این او سی جاری کیا اور نہ ہی چھٹی دی، سابق ایس ایس پی کی گرفتاری کیلئے آئی جی کو حکم دینے کی ضرورت نہیں۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ کیس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ سندھ میں ماورائے عدالت قتل کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔جرم کوئی بھی کرے ،پولیس فوری ایکشن لینے کی پابند ہے۔ دریں اثنا نقیب قتل کیس میں سابق ایس ایس پی راوانوار اور دیگرملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ کے مطابق روانوار اور دیگرملزمان کی گرفتاری کیلئے قانونی تقاضے پورے کرلئے ۔ گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ۔ نقیب اللہ محسود کے ساتھ جعلی مقابلے میں جاں بحق دوسرے نوجوان کی شناخت ہو گئی۔ 26 سالہ نظرجان بھی محسود اور وزیرستان کا رہائشی تھا۔ نظرجان بحریہ ٹاون کراچی میں لوڈر کا کام کرتا تھا۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیرصدارت نقیب اللہ محسود کیس کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ اب تک کی تفتیش سے متعلق جائزہ لیا گیا۔