Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوران ڈرائیونگ موبائل فون اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی ، کیمروں کی تجرباتی تنصیب

جدہ..... ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال اور سیٹ بیلٹ کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف تجرباتی طور پر خود کار چالان سسٹم کی تنصیب شروع کردی گئی۔ عکاظ اخبار نے ادارے ٹریفک پولیس کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں جدید ترین کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے جن کے ذریعے خلا ف ورزیاں ریکارڈ کی جائیں گی ۔ تجرباتی مرحلے میں خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیوروں کو چالان موصول نہیں ہونگے ۔ تجرباتی مراحل مکمل ہونے کے بعد خود کار طریقے سے خلاف ورزی ریکا رڈ کرنے والے کیمروں کے بارے میں باقاعدہ طور پر اخبارات کے ذریعے اعلان کیاجائے گا ۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کا مقصد شہریوں اور مقیمین کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے ۔ ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے کے شدید نقصانات ہیں جس سے سنگین حادثات رونما ہوتے رہے ہیں ۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر عائد کیا جانے والا چالان دراصل اس رجحان کو ختم کرنا اور حادثات سے لوگوں کو بچانا ہے ۔ اسی طرح گاڑیو ں میں نصب سیٹ بیلٹ بھی لوگوں کی حفاظت کے پیش نظر لگائی جاتی ہے جس کے استعمال سے حادثات کی سنگینی سے کسی قدر محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔ سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے والے اگر حادثے کاشکار ہوتے ہیں تو انکا جسمانی نقصان ایسے لوگوںسے بہت زیادہ ہوتا ہے جنہوں نے سیٹ بیلٹ باندھی ہوتی ہے ۔ معاشرے میں اس رجحان کو فروغ دینے کے لئے قانون سازی کی گئی ہے تاکہ لوگ حفاظتی اقدامات کو بہتر طور پر پورا کریں اور قوانین پر مکمل عمل کرکے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسرے بھی ۔ واضح رہے محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے گزشتہ ماہ قانون پاس کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والوں کے خلاف چالان ہونگے اس پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے تاہم اب تجرباتی طور پر شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر ایسے جدید ترین کیمرے نصب کئے جارہے ہیں جو خودکار طریقے سے گاڑیوں کی مانٹرنگ کریں گے اور جو ڈرائیور موبائل فون استعما ل کر رہا ہو گا اس کی تصویر لیکر کنٹرول روم کو ارسال کردی جائے گی ۔ کنٹرو ل روم کا مرکزی کمپیوٹر خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیور کا چالان اسکے موبائل فون پر ارسال کر دے گا ۔ اسی طرح یہ خود کارسسٹم سیٹ بیلٹ نہ استعمال کرنے والوں کا بھی چالان کرے گا ۔ 

شیئر: