رمضان نائٹس: ضمد کمشنری کے سماجی و ثقافتی مرکز کی رونقیں دوبالا
بڑی تعداد میں لوگ تراویح کے بعد سماجی و ثقافتی مرکز جمع ہوتے ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی ضمد کمشنری میں سماجی و ثقافتی مرکز کی رونقیں رمضان کی راتوں میں دوبالا ہو جاتی ہیں۔
علاقے کے رہائشی اور وزیٹر بڑی تعداد میں تراویح کی نماز کے بعد سماجی و ثقافتی مرکز جمع ہوتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مرکز میں مختلف ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جو ہر عمر اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کےلیے دلچسپی کا باعث ہے۔
مرکز میں خواتین کے لیے دن مخصوص ہیں۔ اس دوران صرف خواتین ہی مرکز میں داخل ہو سکتی ہیں، وہ اجتماعی افطاری سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔
مرکز میں ثقافتی ٹریک بھی ہے جہاں علاقائی ثقافت کو اجاگر کیا گیا، مذہبی حوالے سے حسن قرات اور سیرت النبویہ کے حوالے سے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
مرکز کے نگران اعلی محمد الحازمی کا کہنا تھا ’مثبت و تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد معاشرے کے لیے مفید ہے جبکہ وزیٹرز کو علاقے کی تہذیب وثقافت کے بارے میں بھی آگاہی ملتی ہے۔‘
علاقے کے لوگوں نے مختلف علاقائی پروگرام ترتیب دیے ہیں جو رمضان المبارک کے حوالے سے مقامی شناخت کو اجاگر کرتے ہیں۔
