’علاقائی استحکام کو خطرہ‘ ایران، وحشیانہ حملے فوری بند کرے: جی سی سی
شہری و سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے خلیجی ملکوں پر مسلسل ایرانی حملوں اور شہری و سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے ریاض اور کویت میں امریکی سفارخانوں کو نشانہ بنائے جانے کو بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کے قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا’ جی سی سی ملکوں پر ایرانی حملے بلا جواز اور غیرقانونی ہیں۔ جی سی سی ممالک کے خلاف مذموم عزائم کا واضح ثبوت ہیں جو خطے اور دنیا میں سلامتی و استحکام کو غیرمستحکم کرنے کی مسلسل کوشش ہیں۔‘
جاسم البدیوی نے واضح کیا کہ ’جی سی سی ملکوں کو نشانہ بنائے جانے کے عمل کو کسی بھی جواز یا بہانے کے تحت قبول نہیں کیا جاسکتا، ایران، وحشیانہ حملے فوری طور پر بند کرے۔‘
انہوں نے پھر کہا کہ’ ایرانی حملوں کے حوالے سے جی سی سی ممالک اپنی قومی سلامتی و ملکی مفادات کے دفاع کے لیے ایک صف میں کھڑے ہیں۔‘
یادر ہے کہ گزشتہ روز ریاض اور کویت میں امریکی سفارت خانوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
امریکی سفارت خانے نے جدہ، ریاض اور دمام کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہاں مشنز بند رہیں گے جبکہ تمام معمولات اور ہنگامی امریکی شہری خدمات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ شیلٹرز کا نوٹس موجود ہے اور امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اگلے نوٹس تک سفارت خانے کے احاطے سے گریز کریں۔
