سعودی وزارت خارجہ کی ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ایرانی ڈرون حملے کی مذمت
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں ریاض میں امریکی سفارت خانے کی عمارت پر ایران کے حملے کی مذمت کی گئی ہے جب کہ ابتدائی جائزوں کے مطابق دو ڈرونز نے عمارت کو نشانہ بنایا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو سعودی وزارت دفاع نے کہا کہ ریاض اور الخرج کے قریب آٹھ ڈرونز کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔
ڈرون کے گرنےسے سفارت خانے کے ایک حصے آگ لگ گئی اور معمولی نقصان ہوا، جس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
منگل کی صبح موصول ہونے والی رپورٹس میں امریکی سفارت خانے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی اور وہاں سے آگ کے شعلے دکھائی دیے جس کے بعد ریاض کے سفارتی علاقے سے سیاہ دھواں اٹھتا نظر آیا۔ اس علاقے میں بہت سے غیرملکی مشنز واقع ہیں۔
امریکی سفارت خانے نے جدہ، ریاض اور دمام کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہاں مشنز بند رہیں گے جبکہ تمام معمولات اور ہنگامی امریکی شہری خدمات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ شیلٹرز کا نوٹس موجود ہے اور امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اگلے نوٹس تک سفارت خانے کے احاطے سے گریز کریں۔
سفارت خانے نے مسافروں پر بھی زور دیا کہ وہ تازہ ترین سکیورٹی الرٹس کا جائزہ لیں، ممکنہ رکاوٹوں کی صورت میں سفر کرنے کے شیڈول پر نظرثانی کریں، اور اپنی اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت کو ترجیح دیں۔