عمران خان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ، ’دوسری انجیکشن ڈوز کے فالو اَپ کے طور پر کیا گیا‘
عمران خان کو پہلی بار رواں سال 27 جنوری کو پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ہسپتال) نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا اڈیالہ جیل میں میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا۔
منگل کی رات پمز ہسپتال سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’تین مارچ کو اڈیالہ جیل میں میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا۔‘
بانی پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل میں طبی معائنے کے حوالے سے پمز ہسپتال کے اعلامیے میں انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’میڈیکل بورڈ میں سربراہ وٹریوریٹینل ڈیپارٹمنٹ الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور سربراہ شعبہ امراض چشم پمز ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ایم عارف خان شامل تھے۔
پمز ہسپتال کی انتظامیہ کے بیان کے مطابق ’یہ معائنہ آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف کی دوسری انجیکشن ڈوز کے فالو اپ کے طور پر کیا گیا۔‘
پمز انتظامیہ نے کہا کہ دورانِ معائنہ دونوں آنکھوں کی بصری صلاحیت، فنڈوسکوپی، سلٹ لیمپ معائنہ اور آپٹیکل کوہرنس ٹوموگرافی ٹیسٹ کیے گئے۔
’میڈیکل بورڈ کے مطابق عمران خان کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔‘
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بورڈ نے آئندہ نگہداشت اور علاج کے لیے پہلے سے طے شدہ ہدایات جاری رکھنے کی سفارش کی ہے۔
عمران خان کو پہلی بار رواں سال 27 جنوری کو پمز ہسپتال لایا گیا تھا جہاں اُن کی آںکھ کا علاج کیا گیا۔
اس کے بعد گزشتہ ہفتے اُن کو دوسری بار رات کے وقت ہسپتال لا کر آنکھ میں انجیکشن کی دوسری ڈوز لگائی گئی۔
سابق وزیراعظم کی بہنوں اور پارٹی کی قیادت نے اہلخانہ کی غیرموجودگی میں علاج پر احتجاج کیا تھا۔