Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر 19 ورلڈ کپ:دوسرا سیمی فائنل ہند نے 203رنز سے جیت لیا

کرائسٹ چرچ:ہندوستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو 203رنز سے ہرا کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا کی ٹیم سے ہوگا۔پاکستانی ٹیم273رنز کا ہدف حاصل کرنے میدان میں اتری اور30ویں اوور میں 69رنز بنا کر پوری ٹیم آوٹ ہو گئی۔یہاں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے قدرے بہتربیٹنگ کرتے ہوئے 89رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کی۔کپتان پرتھوی پنکج شا نے 41 اور منجوت کرلا نے 47رنز بنائے۔شبمان گل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی انہوں نے 102رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی ۔اس کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔انوکل رائے نے 33اور وکٹ کیپر بیٹسمین ہروک ڈیسائی نے 20رنز کی اننگز کھیلی۔ہند نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 272رنز بنائے۔محمد موسی نے 67رنز دیکر 4جبکہ ارشد اقبال نے 51رنز کے عوض 3وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کو چوتھے اوور میں پہلا خسارہ اٹھانا پڑا جب اوپنر زید عالم 7رنز بنا کر آوٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد یکے بعددیگرے 4مزید وکٹیں گرنے سے پاکستان کا اسکور18ویں اوور میں 37رنز تھا جب اس کے 5کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے۔وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے سب سے زیادہ 18رنز بنائے ۔سعد خان نے 15اور محمد موسی نے 11رنز کی اننگز کھیلی دیگر کوئی بیٹسمین ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکا۔ہند کے اسہان پورل نے 17رنز دیکر 4جبکہ شیوا سنگھ اور پراگ نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔روایتی حریف ٹیموں کے مابین دوسرے سیمی فائنل کا یہ مقابلہ مکمل طور پر یکطرفہ ثابت ہوا۔پاکستانی کپتان حسان خان نے میچ سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ ہمارا ارادہ پہلے بیٹنگ کرنے کا تھا مگر ٹاس ہار کر انہیں پہلے فیلڈنگ کرنا پڑی جس کے باعث جیت تو دور کی بات انہوں نے مقابلہ کرنے کیلئے بھی کوئی حکمت عملی نہ اپنائی۔ایونٹ کا فائنل آسٹریلیا اور ہند کے مابین 3فروری کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن کیلئے یکم فروری کو پاکستان ایک بار افغانستان سے مقابلے کیلئے میدان میں اترے گا۔ افغانستان ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دے چکا ہے۔

شیئر: