پاکستان ہار گیا، نظریہ ضرورت جیت گیا،نواز شریف
کراچی ...سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ جمہوریت پر پے درپے حملوں سے بھری پڑی ہے۔ ملک میں جمہوریت پر جب بھی یلغار ہوئی عدلیہ کے ایک حصے نے آمروں کا ساتھ دیا۔ آج بھی سیاسی مطلع پوری طرح صاف نہیں ۔کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمہوریت سے متعلق وسوسے کیوں ہیں؟ ، جب بھی جمہوریت نے اپنے پاوں پر کھڑا ہونے کی کوشش کی،جمہوریت پر کلہاڑا چلا دیا گیا۔ ماضی میں عدلیہ نے نظریہ ضرورت کا سہارا لیتے ہوئے مارشل لا کو درست قرار دیا گیا۔یہ پی سی او ملک کی تباہی کا سبب بنے۔اس ملک کی اگر سمت سیدھی کرنی ہے تو ہمیں سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ70 سال میں کوئی وزیر اعظم اپنی مدت پوری نہ کر سکا۔گزشتہ 70 برسوں میں 4 آمروں نے 30 برس اس ملک پر حکومت کی۔ وزیر اعظم کو من مرضی کا کھلونا بنانے کی روایت جاری ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جمہوریت کا مستقبل مسلسل سوالیہ نشان کیوں بنا ہوا ہے؟ پورے یقین سے جمہوری مستقبل کی ضمانت کیوں نہیں دے سکتے؟۔نظریہ ضرورت نے پاکستان کی جمہوریت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔ آج پاکستان ہار گیا اور نظریہ ضرورت جیت گیا۔