’جھانجر دی پاواں چھنکار‘ گاڑی میں اونچی آواز میں چلانے پر شہری کیخلاف مقدمہ
گاڑی روکنے کے بعد جب ڈرائیور سے استفسار کیا گیا تو اس نے بتایا کہ یہ اُس کا شوق ہے اور وہ اکثر یہ گانا سنتا ہے۔ (فوٹو: فیس بک)
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس نے ایک شہری کے خلاف گاڑی میں ساؤنڈ سسٹم پر اونچی آواز میں گانا چلانے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اس واقعے کی ایف آئی آر کی ایک کاپی منظر عام پر آئی ہے، جس کے مطابق یہ واقعہ 3 ستمبر کو پیش آیا۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزم نے اپنی گاڑی میں بلند آواز میں معروف پنجابی گانا ’جھانجر دی پاواں چھنکار‘ چلا رکھا تھا۔
پولیس کے مطابق، شور شرابے اور ساؤنڈ سسٹم کے غیر ضروری استعمال پر شہری کے خلاف پنجاب ساؤنڈ سسٹمز (ریگولیشن) ایکٹ 2015 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تھانہ وحدت کالونی پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو روکا اور اس کے خلاف دفعہ 3/6 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر میں مزید لکھا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ساؤنڈ سسٹم کا بے جا استعمال شہریوں کے سکون میں خلل ڈالتا ہے، جس کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایف آئی آر میں قابل ذکر امر یہ ہے کہ گانے کی تفصیل بھی شامل کی گئی ہے۔ گاڑی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایک اشارے سے گزری، تو اس میں بلند آواز میں ’جھانجر دی پاواں چھنکار‘ چل رہا تھا، اور گاڑی کو بڑی مشکل سے روکا گیا۔
گاڑی روکنے کے بعد جب ڈرائیور سے استفسار کیا گیا تو اس نے بتایا کہ یہ اُس کا شوق ہے اور وہ اکثر یہ گانا سنتا ہے۔
یاد رہے کہ ’جھانجر دی پاواں چھنکار‘ پاکستانی فلم ’شعلے‘ (1984) کا مشہور گانا ہے، جس کے بول خواجہ پرویز نے لکھے، دھن وجاہت عطرے نے ترتیب دی، اور اسے ملک کی معروف گلوکارہ نور جہاں نے گایا تھا۔
