اسلام آباد...احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ضمنی ریفرنس میں غیر ملکی گواہوں کے بیان بذریعہ ویڈیو لنک ریکارڈ کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ جمعہ کو احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظہر عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے دوران 2 غیر ملکیوں رابرٹ ریڈلی اور اختر راجہ کا بیان لیا گیا تاہم دونوں گواہ امن و امان کی صورتحال کے باعث پاکستان آنے سے انکاری ہیں۔پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ گواہوں کو پاکستان بلانے پر ٹرائل میں تاخیر کے ساتھ اخراجات بھی ہوں گے۔ قانون میں ایسی گنجائش نہیں کہ غیر ملکی گواہوں کو پیش ہونے کے لئے مجبور کیا جا سکے۔ بینظیر قتل کیس میں مارک سیگل کا بیان وڈیو لنک کے ذریعے قلمبند کیا گیاتھا۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے نیب کی جانب سے غیرملکی گواہوں کی بذریعہ ویڈیو لنک بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے کہا کہ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لئے ویڈیو لنک کی ماڈرن ڈیوائس لگائی جائے۔