Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت تجارت اور عدل میں تجارتی معاہدوں کی ڈیجیٹل تصدیق کرنے پر اتفاق

ریاض.... وزارت تجارت اور عدل کی جانب سے تجارتی معاہدوں کی ڈیجیٹل تصدیق کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ۔ مملکت میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ اور مراحل کو آسان بنانے کےلئے وزارت تجارت اور وزارت عدل وانصاف نے سرمایہ کاروں اور تاجروں کی سہولت کےلئے ڈیجیٹل پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تجارتی معاہدوں کی تصدیق کےلئے فریقین کو وزارت تجارت اور عدل کے دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی ۔ اس ضمن میں وزیر تجارت اور سرمایہ کا ری ڈاکٹر ماجد القصبی نے وزارت عدل و انصاف کے ساتھ مل کر فروغ تجارت و سرمایہ کا ری کے مراحل کو آسان بنانے کےلئے جو لائحہ عمل مرتب کیا تھا اس کے نفاذ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر قصبی کا کہنا ہے کہ مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن طور پر سہولت فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اس حوالے سے معاہدوں کی ڈیجیٹل تصدیق کا فی اہم مرحلہ ہے جس سے سرمایہ کاروں کو کافی سہولت ہو گی اور انکا وقت بھی بچے گا ۔ ہمارا بنیادی ہدف مملکت میں تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے جس کےلئے کوشاں ہیں ۔ اس ضمن میں وزارت تجارت او ر عدل مشترکہ طورپر جدید اندازمیں کام کررہے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کو مناسب اور بہترین ماحول فراہم کرکے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ دریں اثناءوزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تجارتی معاہدوں کی تصدیق کےلئے مختلف مراحل ہو تے ہیں جن میں شرکاءکی شناختی دستاویز کی تصدیق اور تجارتی اجازت نامے کی تصدیق شامل ہے ۔ شرکاءکی شناختی دستاویز کی تصدیق " ابشر " سسٹم سے ہو جائے گی جس کی بنیاد پر تجارتی معاہدے کی تصدیق آسان ہو گی ۔ واضح رہے تجارتی معاہدے کی تصدیق کےلئے شرکاءکو اپنی تمام دستاویزات وزرات عدل کے ذیلی ادارے تجارتی کورٹ سے تصدیق کروانا پڑتے تھے جس کے لئے فریقین کو خود ان اداروںمیں حاضرہونا پڑتا تھا ۔ ڈیجیٹل تصدیق سے مراحل آسان ہو جائیں گے اور فوری تصدیق کے بعد دیگر کارروائیاں جلد مکمل ہو جائیں گی ۔ 

شیئر: