نئی دہلی ... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ جو شخص شادی کے بارے میں جھوٹ بولتا ہو،سپریم کورٹ اسے صادق وامین کیسے قراردے سکتی ہے؟۔ ہندوستانی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتی کہ سپریم کورٹ نے کونسے معیارات اور قوانین لاگو کئے ہوں گے لیکن عدلیہ کے حالیہ جو فیصلے آئے ہیں اس میں لگتا ہے کہ کہیں بہت زیادہ رعایت دی جاتی ہے کہیں بالکل رعایت نہیں دی جاتی ۔ ریحام نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سے شادی کی بات 2 مہینے سے زیادہ عرصہ تک بات چھپائی اور جھوٹ بولا، اس پر حیرت ہوئی تھی۔ 31اکتوبر 2014 کو نکاح ہوا اس وقت بھی یہ زوردیا گیا تھا کہ اسی تاریخ پر ہونا بہت ضروری ہے پھر31اکتوبر2015کو طلاق پر بھی یہی دن منتخب کیا گیا۔ اب اس کے پیچھے کیا محرکات تھے ۔ ہوسکتا ہے کہ کسی اور کی رائے ہو۔ عمران خان کی تیسری شادی کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ میرے ذرائع تصدیق کررہے ہیں مگر نہ جانے کیوں عمران خان اس کا اعلان نہیں کر رہے۔ہو سکتا ہے ان کی کوئی مجبوریاں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی ایسی باتیں ہیں جو میرے علم میں تھیں اور میرے علم میں ہیں ان کے بارے میں خاموش رہی ہوں ۔ اب جبکہ ساری بات باہرآ گئی ہے۔ سب لوگ اس کے بارے میں بات کر ہی رہے ہیں تو لگتا ہے کہ مجھے اور بہت سے لوگوں کو اپنی خاموشی توڑنی پڑے گی۔