Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنادریہ میلے میں اعزازی مہمان بنانا باعث فخرہے ، ہندوستانی وزیر

ریاض.... نیشنل گارڈز کے وزیر شہزادہ خالد بن عبدالعزیز بن عیاف نے بتایا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جنادریہ میلے میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی۔ اب یہ 2ہفتے کے بجائے 3ہفتے تک چلے گا۔ ہندوستانی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ ہمارے لئے باعث اعزاز بات ہے کہ خادم حرمین شریفین کی سرپرستی میں ہونے والے مملکت کے سب سے بڑے ثقافتی میلے جنادریہ میں ہمارے ملک کو اعزازی مہمان کے طور پر شریک کیا جارہا ہے۔ہندوستانی وزیر سے دریافت کیا گیا کہ ہندوستان اپنے پویلین میں کیا کچھ پیش کریگا؟ انہوں نے اسکے جواب میں کہا کہ شائقین پویلین دیکھ کر حیرت زدہ رہ جائیں گے۔ ہندوستان کے ثقافتی، سماجی عوامی ورثے ، روایتی ملبوسات ، ہندوستانی خوشبو یات اور عروسی لباس کے شو کئے جائیں گے۔ سنگھ نے کہا کہ عربی قلمی نسخے ، خطاطی کے فن اور نوادر بھی شائقین کو دکھائے جائیں گے۔سعودی بھائیوں کوہندوستانی کھانے پیش کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ہندوستانی کلچرل ریلیشن قونصل سعودی عرب میں ہندوستانی کمیونٹی کے اسکولوں کی مدد سے عوامی رقص کا بھی اہتمام کریگی۔ یوگا کی مشقیں بھی دکھائی جائیں گی۔ وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ خالد نے اتوار کو ریاض میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جنادریہ میلہ 32کو شاہ سلمان کی سرپرستی اس وقت سے حاصل ہے جب وہ ریاض کے گورنر ہوا کرتے تھے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی اس سے گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس موقع پر شہزادہ سعود الفیصل، ترکی السدیری اور خیریہ السقاف کا اعزاز کیا جائیگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مہمان ملک کا انتخاب ہر سال کیا جاتا ہے۔ میلے میں شرکت کے خواہشمند ممالک کی پیش کردہ درخواستوں کا جائزہ لیکرکسی ایک کو اعزازی مہمان کے طور پر منتخب کرلیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امسال جنادریہ میلے میں بھیڑ بھاڑ کی شکایت نہیں ہوگی۔ میلے کے دروازے صبح 11بجے سے رات 11بجے تک مسلسل کھلے رہیںگے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امسال انڈونیشیا، الجزائر، اسپین، برازیل اور کروشیا کے سفارتخانے بھی اسٹال لگائیں گے۔ علاوہ ازیں مسک فاﺅنڈیشن اور وزارت پٹرولیم بھی میلے میں شامل ہوگی۔

شیئر: