Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین کے امن سے کھلواڑ نہ کرو، فتنہ انگیزوں سے علامہ اشرفی کا مطالبہ

 ریاض..... پاکستان علمائے کونسل کے سربراہ مولانا حافظ محمد طاہر اشرفی نے فتنہ انگیزوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حرمین شریفین کے امن سے کھلواڑ نہ کریں۔ انہوں نے سعودی قیادت و عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ پاکستانی فوج، اسکے عوام اور علماءحرمین شریفین کیخلاف عیارانہ کوششیں کرنے والوں کے مقابلے میں صف بستہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر مولانا اشرفی کا یہ مطالبہ انتباہ اور یقین دہانی غیر معمولی پذیرائی حاصل کرچکا ہے۔ سعودی شہریو ںنے اس بیان پر انتہائی محبت اور چاہت بھرے تبصرے ریکارڈ کرکے علامہ اشرفی کے ساتھ اخلاص اور یگانگت کا مظاہرہ کیا۔ علامہ اشرفی نے کہا کہ جو لوگ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حرمین شریفین کی سرزمین میں تخریب کاری کے در پے ہیں ہم ان سے کہنا چاہتے ہیں کہ آپ لوگ حرمین شریفین کے امن کے ساتھ کھلواڑ نہ کرو۔ وگرنہ امت مسلمہ تمہارا احتساب کریگی۔ آپ لوگ حج او ر عمرے پر سیاست مت کرو۔ آپ لوگ حرمین شریفین کے انتظامات کو بین الاقوامی ادارے کے حوالے کرنے کے نام پر تخریب کاری بند کرو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امت مسلمہ آج بھی خادم حرمین شریفین کی حکومت راشدہ کے ساتھ ہے ، کل بھی تھی اور مستقبل میں بھی ہوگی اور قیامت تک یہی موقف اپنائے رکھے گی۔

شیئر: