Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طیارے کے پارٹس دوران پرواز گر گئے، مسافروں کی جان کے لالے

ہونولولو ..... سان فرانسسکو سے  ہونولولو آنے والے ایک طیارے کو اس وقت عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب  دوران پرواز اس کے انجن کے کچھ پارٹس نیچے جاگرے اور ایک مرحلہ ایسا آیا جب مسافروں نے محسوس کیا کہ پورا انجن ہی اورپھر پورا طیارہ زمین پر جاگرے گا۔ یہ واقعہ  اس وقت پیش آیا جب  طیارہ ہونولولو ایئرپورٹ سے36منٹ کی پرواز کے فاصلے پر تھا۔ مقامی محکمہ شہری ہوابازی اور فائر فائٹنگ کے عملے نے طیارے کے لینڈ کرتے ہی اسے چاروں جانب سے گھیر لیا تاہم مسافروں کی خوش قسمتی تھی کہ کچھ دیر قبل جان کے لالے پڑنے جیسی کیفیت سے دوچار ہونے کے بعد وہ محفوظ طور پر اپنا سفر مکمل کرنے میں کامیاب  ہوئے تھے۔ وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ طیارے کے انجن کے کچھ پارٹس کھل کر گر گئے  ہیں اور عین ممکن ہے کہ تیز ہوائوں کی وجہ سے ایسا ہوا ہو۔ یونائیٹڈ ایئرلائنز نے جو اس طیارے کی مالک تھی حادثے کی تفصیلات بتاتے  ہوئے کہا کہ کوئی خاص پرزہ یا پارٹ انجن سے الگ نہیں ہوا بلکہ انجن کے اوپر جو ڈھکن تھا وہ تیز ہوائوں کی وجہ سے پہلے ٹوٹا اور پھر نیچے جاگرا۔ گوگل  والوں نے اس طیارے کی تصویر اور حادثے کی تکنیکی وجوہ کے حوالے سے ایک چھوٹا سا بیان بھی جاری کیا ہے۔  انجینیئرنگ شعبے کے سربراہ ایرک ھداد کا کہناہے کہ  جس وقت یہ طیارہ  لینڈ کررہا تھا وہ تقریباً ساتھ ہی لینڈ کرنے والے دوسرے طیارے پر تھے اور وہیں سے انہوں نے اسکی تصویر اتاری جو جاری ہونے کے بعد وائرل ہوگئی ہے۔ انکاکہناہے کہ فلائٹ مینول میں اس قسم کے حادثے اور واقعہ کے  امکانات  کا کوئی ذکر نہیں مگر یہ حقیقت ہے  اور شاید آئندہ جو مینول تیار ہو اس میں اس قسم کے واقعات پیش آنے کے امکانات کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔مسافروں نے طیارے سے اتر کر اطمینان کا سانس  لیا اور ہواباز کی بھی تعریف کی۔

شیئر: