Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصلہ کن برتری:افغانستان نے زمبابوے کو 10وکٹوں سے ہرا دیا

 
شارجہ: افغانستان نے زمبابوے کو چوتھے ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔مجیب الرحمان کی تباہ کن بولنگ اور محمد شہزاد کی شاندار بلے بازی میچ میں نمایاں رہی۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں زمبابوے کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 38 اوورز میں 134 رنز بنا کرہمت ہار گئی، کریگ ارون کے سوا زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی افغانستانی بولرز کے سامنے وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ارون نے 54 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے جبکہ 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکے ۔افغان لیگ اسپنر مجیب الرحمان نے 5 ،محمد نبی اور راشد خان نے 2، 2 جبکہ شراف الدین نے ایک وکٹ لی۔لیگ اسپنر نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے کم عمر میں ایک اننگز میں 5وکٹیں لینے کا پاکستانی بولر وقار یونس کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ وقار یونس نے 18 سال اور 134 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ مجیب کی عمر ابھی محض 16 سال 325 دن ہے۔زمبابوے کی اننگز کے جواب میں افغانستان نے مطلوبہ ہدف 22ویں اوور میں کسی کھلاڑی کے آوٹ ہوئے بغیر حاصل کیا۔شہزاد اور احسان اللہ نے زمبابوے کے بولرز کا بڑے آرام سے مقابلہ کیا اور 135 رنز کا ہدف ناقابل شکست شراکت میں قائم کر کے ٹیم کو فتح دلادی۔ شہزاد 75 اور احسان اللہ 51 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔مجیب الرحمان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔سیریز کا آخری اور پانچواں ون ڈے 19فروری کو اسی تاریخی گراونڈ پر کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: