Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹویٹر صارفین کو’کوالٹی فلٹر‘کی سہولت مہیا

سائنس ڈیسک
سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ’’ٹویٹر‘‘ نے اپنے تمام صارفین کو ’’کوالٹی فلٹر‘‘ کی سہولت تک رسائی دینے کا فیصلہ کرلیاہے۔ ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے تمام صارفین کو یہ سہولت دینے کا فیصلہ اپنے پلیٹ فارم پر کی جانے والی تنقید کو ختم کرنے کے لئے کیا گیاہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ کو گزشتہ کچھ عرصے سے ہراساں کئے جانے اور دھمکی دیئے جانے کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہاتھا۔ قبل ازیں’ ’کوالٹی فلٹر‘‘ کی سہولت ٹویٹر کے صرف ان صارفین کو حاصل تھی جن کے اکاؤنٹس، ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے تصدیق شدہ تھے یعنی جن اکاؤنٹس میں نام کے ساتھ بلیو ٹِک لگا ہوتا ہے۔
اب تک ٹویٹر انتظامیہ صرف معروف سیاسی و سماجی شخصیات، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور کمپنیوں کے اکاؤنٹس کی تصدیق کرتی رہی ہے۔ اس نئی سہولت کے ذریعے ٹویٹر کا ہر صارف ناپسندیدہ ٹویٹس کو ’’میوٹ‘‘ کرکے اس سے چھٹکارا حاصل کرسکے گاجبکہ پہلے سے طے شدہ ناپسند الفاظ پر مشتمل ٹویٹس خود بخود صارف کے اکاؤنٹ سے ہٹا دی جائیں گی۔
اس سہولت کو اپنی مرضی سے ’’آن‘‘ یا ’’آف‘‘ بھی کیا جاسکے گا تاہم یہ کوالٹی فلٹر ان اکاؤنٹس کی ٹویٹس کو فلٹر نہیں کرے گا جسے صارف نے ’’فولو‘‘ کر رکھا ہو یا جس سے حال ہی میں صارف کا کوئی رابطہ رہا ہو۔ اس کے علاوہ ٹویٹر انتظامیہ اپنے پلیٹ فارم پر ایسے ٹولز بھی متعارف کرا رہی ہے جنہیں استعمال کرتے ہوئے صارفین صرف انہی کی ٹویٹس دیکھ سکیں گے جنہیں وہ ’’فولو‘ ‘کر رہے ہوںگے۔

شیئر: