سب میرے دشمن بنے ہوئے ہیں،نواز شریف
شیخو پورہ.. مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 70 سال سے جاری کھیل ختم نہ ہوا تو ملک کو خطرات لاحق ہوجائیں گے۔شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں امپائروں کی انگلی والوں کے ڈبے خالی رہیں گے۔ پیپلزپارٹی کو تو پہلے ہی خدا حافظ کہہ دیا اب امپائروں کی انگلی والوں کا بھی خدا ہی حافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور لاڈلے کی پارٹی سے کسی ایک منصوبے کا نام پوچھو جو انہوں نے مکمل کیا ہو۔پیپلزپارٹی نے ملک کو اندھیروں میں ڈبویا ہم روشنیاں واپس لے آئے۔خیبرپختون خوا ٹوٹا پھوٹا ہے۔پشاور اور کراچی میں ہر طرف گندگی اور کچرا ہے۔ نواز شریف کو لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم اور ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی وجہ سے فارغ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ قوم ظلم و زیادتی کا حساب لے گی۔ ملک کی 70 سال کی تاریخ کو بدلیں گے۔ووٹ کا احترام سب کو کرنا پڑے گا۔ ایسا نہیں چلے گا کہ 20 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو چار پانچ لوگ نکال دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور دن رات کام کرنے پر مجھے نکالا گیا۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ مجھے نااہل کرنے والوں سے بدلہ لو گے؟۔امپائر کی انگلی کہنے والوں کو خدا حافظ کہنے کا وقت آگیا۔2018 کے انتخابات میں امپائروں کی انگلیوں والوں کے ڈبے خالی رہیں گے۔ جو ووٹ مسلم لیگ (ن) کے ڈبے میں نہیں جائے گا وہ عوام کے ووٹ کے تقدس کے خلاف جائے گا۔عوام میرے ساتھ ملکر قدم سے قدم ملا کر چلیں گےا۔ انہوں نے کہا کہ70 سال سے جو اس ملک کے ساتھ ہوتا آرہا ہے وہ آئندہ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ یہاں سب دشمن بنے ہوئے ہیں۔ وہ انتقام لینا چاہتے ہیں۔ اگر مشکل وقت آتا ہے تو نواز شریف گھبرانے والا نہیں۔ عوام کا دامن نہیں چھوڑوں گا ۔ عوام کے ساتھ ملکر پاکستان کی قسمت بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے چھوٹا نوٹ 10 روپے کا ہے اگر کوئی ثابت کر دے کہ میں نے 10 روپے کی بھی رشوت لی ہے تو میں ساری عمر کے لئے ریٹائرڈ ہوجاوں گا۔