خیبر پختونخوا میں دو آپریشنز میں 13 خوارج ہلاک: آئی ایس پی آر
اتوار 14 دسمبر 2025 20:47
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے تک یہ کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں دو آپریشنز میں 13 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ’ 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں خفیہ معلومات کی بنا پر ایک آپریشن کیا۔ دوران آپریشن شدید فائرنگ کے تبادلے میں سات خوارجی مارے گئے۔‘
بیان کے مطابق ’ضلع بنوں خفیہ معلومات کی بنا پر دوسرا آپریشن کیا گیا جس میں سکیورٹی فورسز نے چھ خوارجیوں کو ہلاک کر دیا۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں ویژن ’عزمِ استحکام‘ (جو نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ ہے) کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی بھرپور اور مسلسل مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے انڈین سرپرستی میں کام کرنے والے ’خوارج‘ کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے تک یہ کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
