آسڑیلیا میں فائرنگ سے 12 ہلاکتیں، سعودی عرب اور پاکستان سمیت عالمی رہنماؤں کی مذمت
آسڑیلیا میں فائرنگ سے 12 ہلاکتیں، سعودی عرب اور پاکستان سمیت عالمی رہنماؤں کی مذمت
اتوار 14 دسمبر 2025 20:12
آسٹریلیا میں سڈنی کے مشہور بونڈائی بیچ پر ہونے والی فائرنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے، جبکہ سعودی عرب اور پاکستان سمیت عالمی رہنماؤں نے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ایک حملہ آور سمیت ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہو چکی ہے، جبکہ 29 زخمی ہیں۔
سعودی عرب نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ’ہر قسم کے تشدد، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف موقف کا اعادہ کیا۔‘
اتوار کو پاکستان کے صدر کے سرکاری اکاؤنٹ نے ایک بیان میں کہا گیا کہ صدر آصف علی زرداری نے سڈنی میں ہونے والی المناک فائرنگ پر افسوس کا اظہار کیا، متاثرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
’پاکستان، جو خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے، بے گناہ شہریوں کے خلاف تشدد کی مذمت کرتا ہے اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔‘
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی سڈنی حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل اور صورت کی مذمت کرتا ہے۔‘
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اسے ’یہودیوں پر انتہائی ظالمانہ حملہ‘ قرار دیتے ہوئے ’گھناؤنے دہشت گردوں‘ کی مذمت کی۔
کنگ چارلس سوم، جو 56 ممالک پر مشتمل دولتِ مشترکہ کے سربراہ ہیں، نے کہا کہ وہ ’یہودیوں پر ہونے والے انتہائی خوفناک یہود مخالف دہشت گرد حملے سے شدید متاثر ہیں۔‘
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ایک بیان میں کہا کہ ’دنیا میں یہود مخالف سوچ کی کوئی جگہ نہیں۔ ہماری دعائیں اس خوفناک حملے کے متاثرین، یہودی برادری اور آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ ہیں۔‘
فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فرانس ’یہود مخالف نفرت کے خلاف لڑے گا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
یورپی یونین کی سربراہ اُرسولا فان ڈیر لیین نے اسے ’ناقابلِ برداشت تشدد‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’شدید صدمے‘ میں ہیں۔
برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے اسے ’انتہائی تکلیف دہ خبر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’برطانیہ اس خوفناک حملے سے متاثرہ تمام افراد کے لیے اپنی ہمدردی اور تعزیت پیش کرتا ہے۔‘
ایران نے بھی مذمت کی۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ’ہم سڈنی، آسٹریلیا میں ہونے والے پرتشدد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گردی اور انسانوں کا قتل، جہاں بھی ہو، ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔‘
فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فرانس ’یہود مخالف نفرت کے خلاف لڑے گا۔‘
اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے کہا کہ وہ ’سڈنی سے آنے والی المناک خبر پر گہرے دکھ‘ میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم ہر قسم کے تشدد اور یہود مخالف سوچ کی سخت مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے لیے اپنی تعزیت پیش کرتے ہیں۔‘
آسٹریلیا کی ایک بڑی مسلم تنظیم آسٹریلین نیشنل امامز کونسل نے بھی اس فائرنگ کی مذمت کی (فوٹو: اے ایف پی)
جرمن وزیرِ خارجہ جوہان ویڈے فول نے کہا کہ ’میں سڈنی میں ہونے والے دہشت گرد حملے سے شدید صدمے میں ہوں۔ یہ نفرت کا وہ عمل ہے جو دنیا بھر کے تمام یہودیوں کے خلاف ہے، اور وہ بھی ہنوکا کے پہلے دن۔‘
آسٹریلیا کی ایک بڑی مسلم تنظیم آسٹریلین نیشنل امامز کونسل نے بھی اس فائرنگ کی مذمت کی اور کہا کہ ’ہمارے دل، خیالات اور دعائیں متاثرین، ان کے خاندانوں اور اس حملے سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ ہیں۔‘