’ایک سال میں 50 ملین مسافر‘ جدہ ایئرپورٹ ’میگا ایئرپورٹس‘ کی فہرست میں شامل
اتوار 14 دسمبر 2025 20:43
جدہ ایئرپورٹ ایوی ایشن کے ایک بڑے مرکز کے طور پر سامنے آیا ہے (فوٹو: سبق)
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ’میگا ایئرپورٹس‘ کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔
مملکت میں ایوی ایشن کا آغاز ہونے سے اب تک جدہ ایئرپورٹ پر رواں برس کے دوران 50 ملین مسافروں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی۔
سبق نیوز کے مطابق جدہ ایئرپورٹس کمپنی کی جانب سے 50 ملین مسافروں کی ریکارڈ تعداد پر تقریب بھی منعقد کی گئی۔
کمپنی کے سی ای او انجینئرمازن جوھر کا کہنا تھا ’50 ملین مسافروں تک پہنچنا ایئرپورٹ کی اعلی آپریشنل کارکردگی کی تصدیق کرتا ہے۔ آنے والے برسوں میں اس تعداد کو دگنا کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں جو اہم سنگ میل ہوگا۔‘
انہوں نے کہا ’ کنگ عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ خطے میں ایوی ایشن کے حوالے سے ایک بڑے مرکز کے طورپر سامنے آیا ہے جس سے مستقبل میں ترقی کے اہداف کے حصول کی راہیں مزید آسان ہوں گی۔‘
ایئرپورٹ کمپنی کی جانب سے 50 ملین کے تاریخی ریکارڈ پر مسافروں کو خوش آمدید کہا گیا اور ان میں یادگاری تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

واضح رہے جدہ ایئرپورٹس کمپنی کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آپریشنل ذمہ داریاں سال 2022 سے ادا کررہی ہے۔
یادرہے کہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 2024 میں بھی ایک تاریخی سنگ میل حاصل کیا ، سعودی ایئرپورٹس میں سب سے زیادہ 94.1 ملین مسافروں کو خدمات فراہم کیں۔
مملکت کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کا مقصد 2030 تک 150 ملین سیاحوں کو راغب کرنا اور جی ڈی پی میں سیاحتی شعبے کا حصہ 6 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کرنا ہے۔
