Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون فنکاروں کی محفل میں صرف خواتین شرکت کی مجاز ہونگی

ریاض.... محکمہ تفریحات نے واضح کیا ہے کہ خاتون فنکاروں کی محفل میں صرف خواتین ہی شرکت کی مجاز ہونگی۔ محکمہ کے چیئرمین انجینیئر فیصل بافرط نے الوطن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین مختلف تفریحی پروگراموں میں شرکت کی مجاز ہونگی البتہ گانے بجانے والے پروگرامو ںکی بابت طے کیا گیا ہے کہ صرف ایسی محفلوں ہی میں خاتون فنکار حصہ لے سکتی ہے جسے دیکھنے کیلئے صرف خواتین ہی آرہی ہوں۔ تفریحی پروگرام منظم کرنے والوں کو اجازت نامے جاری کرتے وقت تمام مطلوبہ شرائط کا پابند بنایا جائے گا۔ کوئی بھی ادارہ مذہبی و قومی ضوابط اور سماجی آداب کے منافی پروگرام نہیں کرسکتا۔ کسی بھی تفریحی پروگرام میں کسی بھی فرد ، سرکاری ادارے اور اس کے ا ہلکاروں کو تنقیص کا ہدف نہیں بنایا جاسکتا۔ فیصل بافرط نے مزید کہا کہ ہمارے محکمہ نے تفریحی پروگراموں سے متعلق شرائط میں ترامیم کی ہیں۔ محکمہ مسلسل ترامیم کررہا ہے۔ پابندیوں کی تعداد بھی گھٹائی جارہی ہے۔ محکمہ نے 2017ءکے آخر میں تفریحی پروگرام منعقد کرنے کیلئے جو ضابطے جاری کئے تھے ان کے تحت 9 عام شرائط ، 9 خصوصی شرائط اور 8 مالیاتی امور سے متعلق شرائط مقرر کی گئی تھیں۔ اس وقت یہ بھی طے کیاگیا تھا کہ خواتین کو کسی بھی براہ راست پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی خواہ پروگرام فیملی والوں کیلئے ہی کیوں نہ مختص ہو تاہم اب غنائی پروگرام کے سوا دیگر پروگراموں میں خواتین کو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے اجازت دے دی گئی ہے۔ 
 مزید پڑھیں:۔ چھوٹے ادارے کے4غیر ملکی فیس سے مستثنیٰ

شیئر: