ٹیپ بال کا وہ کیچ جس نے دنیا کو حیران کر دیا، ’انہیں پاکستان کا فیلڈنگ کوچ بنائیں‘
جمعرات 5 مارچ 2026 11:38
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کرکٹ کی تاریخ میں آپ نے سٹیڈیم کی نشستوں میں بیٹھے شائقین کی جانب سے کئی حیران کن کیچز دیکھے ہوں گے، مگر حال ہی میں ایک ٹیپ بال ٹورنامنٹ میں شائق کی جانب سے پکڑا جانے والا کیچ پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر چکا ہے۔
یہ کیچ بدھ کے روز پاکستان میں جاری ٹیپ بال چیمپئن شپ کے ایک میچ میں دیکھنے کو ملا جب چھوٹا وکی نامی معروف کھلاڑی کا لگایا ہوا سکسر فضا میں بہت اونچا گیا اور گیند باؤنڈری سے کہیں دور جا گری۔
جب گیند باڑ سے کافی آگے نیچے آئی تو ایک شائق، جو تقریباً پوری رفتار سے دوڑ رہا تھا، نے گھٹنوں کے بل ڈائیو کرتے ہوئے کیچ تھام لیا۔
یہ کیچ شاید اتنا متاثر کن نہ لگتا مگر اس کے بعد جو ہوا اس نے کمنٹری باکس کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔
گیند ہاتھ میں لیے شائق توازن کھو بیٹھا اور سیدھا ایک عارضی باڑ کی طرف بڑھ رہا تھا۔ بغیر رفتار کم کیے وہ باڑ کے اندر موجود خلا سے چھلانگ لگا کر دوسری جانب جا گرا، لوٹ پوٹ ہوا اور فوراً اٹھ کر جشن منانے لگا۔
یہ منظر دیکھتے ہوئے کمنٹری باکس سے آوازیں بلند ہوئیں ’ارے واہ، یقین کریں، یہاں تو ہمیں سپائیڈر مین نظر آ رہا ہے۔‘
پاکستان ٹیپ بال چیمپئن شپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس لمحے کا ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا میں وائرل ہوا اور انٹرنیٹ صارفین اس پر تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
کومل خاور نے لکھا ’ان کا ایکشن تو کسی تامل فلم کے ہیرو جیسا تھا۔‘

محدم عثمان نے لکھا ’ان کو تو پاکستان کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ ہونا چاہیے'، اور آصف علی نے کہا یہ پاکستان ٹیم کے متعدد پلیئرز سے بھی بہتر ہے۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ’اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کے بہترین پلیئرز تو ٹیم سے باہر بیٹھے ہیں۔‘

فرید خان نے لکھا کہ یہ اس صدی کا بہترین کیچ ہے۔

ہینری مورین لکھتے ہیں کہ ’اور آپ سمجھ رہے تھے کہ اس ہفتے کرکٹ میں سب سے بڑی کارکردگی فن ایلن کی اننگز ہی ہوگی۔۔۔‘

اسلام آباد یونائٹیڈ ٹیم کے مالک ریحان الحق نے کہا ’ایسا شاندار کیچ واقعی کبھی نہیں دیکھا۔ پہلے گیند کا درست اندازہ لگانا، پھر خود کو محفوظ رکھنا، اور اس طرح لینڈ کرنا کہ گیند ہاتھ سے نہ چھوٹے، ناقابلِ یقین۔‘
شیئر کی گئی اس ویڈیو کے آخر میں دیکھا جائے تو اس شخص کو شائقین کی جانب سے بہترین کیچ کا 20 ہزار روپے انعام بھی دیا گیا ہے۔