عسیر کے المدانہ ہیریٹج ولیج میں مقامی ’ورثے کا جشن‘
ایونٹ میں گاؤں کے شناختی ورثے کو دکھایا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
النماص گورنریٹ میں المدانہ ہیریٹج ولیج میں روایتی ثقافتی ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق النماص گورنریٹ کے المدانہ ہیریٹج ولیج میں شہری رمضان کے مہینے میں مقامی ورثے کا جشن منا رہے ہیں جو کمیونٹی کے پروگرام کا حصہ ہے۔
عسیر ریجن کے گورنر شہزادہ ترکی بن طلال کی جانب سے شروع کیے گئے اس اقدام کا مقصد کمیونٹی کے درمیان تعلق بڑھانا اور پائیدار ترقی کے طور پر ثقافتی ورثے کو فروغ دینا ہے۔
اس ایونٹ میں گاؤں کے شناختی ورثے کو دکھایا گیا ہے تاکہ اس علاقے کو اہم سیاحتی مقام کا درجہ حاصل ہو سکے۔ اس میں ماضی کی روزمرہ کی زندگی کو دکھایا گیا اور سماجی اقدار کو سامنے لایا گیا جو اس علاقے کی پہچان ہیں۔
ان سرگرمیوں میں بیلوں کے ذریعے کھیتوں میں ہل چلانا، ہاتھ سے گندم نکالنا اور مکہ جانے والے حجاج کرام کا تاریخی استقبال کرنا دکھایا گیا ہے۔
قدیم روایات کی جھلک دکھانے کے لیے روایتی طور پر بنائے گئے خیراتی کھانے بھی دکھائے گئے۔
اس ایونٹ نے رہائشیوں اور آفیشلز کی توجہ حاصل کی جو علاقائی سیاحت کے طور پر کمیونٹی کی جانب سے ورثے کی حفاظت اور فروغ کو ظاہر کرتا ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ پائیدار ترقی کے ستون کے طور پر ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا ماڈل ہے جس سے شمالی عسیر میں سیاحت بڑھ سکتی ہے اور یہ ہیریٹج ولیج بطور ثقافتی مقامات کے مشہور ہو سکتے ہیں۔
