Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدم برداشت کا رجحان تباہ کن ہے، صدر ممنون

اسلام آباد...صدر ممنون حسین نے ملک میں عدم برداشت اور عدم روا داری کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رویہ ملک کےلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔ اس کے مضر اثرات سے انفرادی اور اجتماعی طور پر کوئی بچ نہ سکے گا ۔ دہشت گردی کے خلاف قوم کی کامیابیاں بھی ناکامی میں بدل سکتی ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج دکھے ہوئے دل کےساتھ اپنی قوم سے مخاطب ہوں۔ محسوس کرتا ہوں کہ وطن عزیز میں عد م برداشت کا جو رجحان شدت پکڑ رہا ہے۔قوم ،خاص طور پر نوجوانوں کو اس کی تباہ کاری سے خبردار نہ کیا گیا اور اس کی روک تھام کے لئے حکومت پاکستان کےساتھ معاشرے کے تمام طبقات نے مکمل یکسوئی سے تعاون نہ کیا تو اس کے نتائج خوفناک ہونگے۔ اختلاف رائے صحت مند معاشرے کی پہلی سب سے بڑی علامت ہے لیکن جب یہ اختلاف شائستگی کی حدود پھلانگ کر گالم گلوچ کی شکل اختیار کر لے تو یہ خطرناک شکل اختیار کرجاتاہے۔ اس کے بعد وہ مرحلہ آتا ہے جس سے ہم دوچار ہو چکے ہیں۔ آج اگر ہوش کے ناخن نہ لئے گئے تو مجھے ڈر ہے کہ بحیثیت قوم تباہی کے ایک ایسے راستے پر چل نکلیں گے جس سے انفرادی حیثیت سے کوئی فرد اوراجتماعی طور پر کوئی ادارہ اس کی تباہ کاری سے بچ سکے گا۔ یہ بھی خوف ہے کہ گزشتہ کئی برس کی محنت سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے جس سلسلے کے سامنے بند باندھا ہے، وہ بند بھی اس سیلاب کے ریلے میں بہہ جائے گا۔ تمام سیاسی و غیر سیاسی اداروں سمیت قوم کے ہر فرد اور خاص طور پر ذرائع ابلاغ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس انتہا پسندانہ رجحان کے خاتمے کےلئے کمر بستہ ہو جائیں۔
مزید پڑھیں:ماضی میں ہم سے بھی غلطیاں ہوئیں،خرم دستگیر

شیئر: