Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان درست سمت میں ایک اہم قدم‘

خطے میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے حصول کا یہ واحد راستہ ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
رابطہ عالم اسلامی نے کینیڈا، مالٹا اور پرتگال کی جانب سے آئندہ ستمبر میں ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں رابطہ کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس اعلان کو درست سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا’ یہ ایک جائز اور ذمہ دارانہ موقف کی نمائندگی کرتا ہے جو فلسطینی عوام کے تاریخی، قانونی حق اور عدل وانصاف پر مبنی موقف کی مکمل تائید ہے۔‘
’ خطے میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے حصول کا یہ واحد راستہ ہے۔‘
انہوں نےدنیا کے تمام ممالک پر زور دیا کہ ’وہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہونے والی ناا نصافیوں کے ازالے کےلیے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔‘
’تاریخ کے درست جانب کھڑے ہوں، عالمی قانونی جواز کی سپورٹ کریں۔ انسانی المیے، خطے اور پوری دنیا پر اس کے  سنگین اثرات  کے خاتمے کے لیے کام کریں۔‘
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی نے اقوام متحدہ میں سعودی عرب اور فرانس کی شراکت سے وزارتی سطح پر مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کےاعلامیے کو سراہا ہے۔
 بیان میں رابطہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ’یہ کانفرنس مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایک نئے تاریخی مرحلے کی نمائندگی کرتی ہے، جس نے اس دیرینہ مسئلے سے متعلق بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد کی سمت ایک اہم اور مؤثر قدم اٹھایا۔‘

 

شیئر: