Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے دہشتگردی کا قلع قمع کردیا، خان ہشام

ہموطن مشکل پیش آنے پر فوری سفارتخانے سے رجوع کریں، یوم پاکستان پر سفارتخانے میں پرچم کشائی کی تقریب سے سفیر پاکستان کا خطاب، قونصل جنرل شہریار اکبر نے جدہ میں پرچم لہرایا، کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے جمعہ کو یوم پاکستان کے موقع پر ریاض میں سفارتخانے اور قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے اپنی رہائش پر ایک تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔ سفارتخانے میں سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے سفارتی افسران ، اہلکاروں ، پاک فوج کے دستوں اور تارکین کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں رسم پرچم کشائی ادا کی۔ فوجی بینڈ کے بجاتے ہوئے قومی ترانے کی دھن اور تالیوں کی گونج میں قومی پرچم بلند ہوا۔ بعدازاں سفارتخانے کے آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد ہوا۔ قاری نعمت اللہ نے تلاوت قرآن کریم کی۔ نظامت کے فرائض ہیڈآ ف چانسری سیف اللہ خان نے ادا کئے۔ صدر پاکستان ممنون حسین کا قوم کے نام پیغام ڈپٹی ہیڈ آف مشن سردار محمد خٹک نے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پیغام فرسٹ سیکریٹری عمر منظور ملک نے پڑھ کر سنایا۔ بعدازاں سفیر پاکستان نے حاضرین سے خطاب کیا ۔ انہوں نے اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ یوم پاکستان کی تقریب ایک برادر اور دوست ملک میں منعقد ہورہی ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل پر یوم پاکستان کی اہمیت اور حصول آزادی کیلئے کی گئی جدوجہد کا مقصد واضح کریں۔ ہشام بن صدیق نے صدر پاکستان اور وزیراعظم کے قوم کے نام پیغامات کاحوالہ دیا اور کہا کہ جب قومیں متحد ہوکر کام کرتی ہیں تو انکے لئے منزل کا حصول آسان ہوجاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مملکت میں مقیم پاکستانی تارکین نہ صرف اپنے وطن کیلئے کام کریں بلکہ میزبان ملک کی ترقی اور خدمت بھی ان کے پیش نظر رہنی چاہئے۔ خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور اسکا شمار تیز ترین ترقی پذیر ممالک میں ہورہا ہے۔ گزشتہ برس اس کی پیشرفت کی شرح 5فیصد تھی جبکہ موجودہ سال اس کے 6فیصد تک بڑھنے کے امکانات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مساعی کا نتیجہ بھی ہے۔ خان ہشام بن صدیق نے کہاکہ کرہ ارض پر پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کے عفریت کا قلع قمع کیا ہے اور واضح کیا کہ حاضرین میں کچھ ایسے لوگ بھی تھے جنہوں نے اس جنگ میں اپنے اعزہ کی قربانی دی تھی۔تارکین وطن کے امور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے خان ہشام بن صدیق نے کہاکہ وہ رفتہ رفتہ اور مسلسل حل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور یہ کہ اس کے اہلکار سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ ہموطنوں کو چاہئے کہ کوئی مشکل پیش آنے کی صورت میں فوراً سفارتخانے سے رجوع کریں۔ تاہم انہوں نے اپنے ہموطن تارکین پر زوردیا کہ وہ ہر حال میں سعودی قوانین کی پابندی کریں۔ سفیر پاکستان نے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور حاضرین سے درخواست کی کہ وہ تحریک پاکستان کے لئے جدوجہد کرنے والوں کیلئے دعا کریں۔ تقریب کے آخر میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک کیک بھی کاٹا گیا۔ادھر جدہ میں شہریار اکبر خان نے پرچم کشائی کی ۔ اس موقع پر جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پاک فوج اور بحریہ کا دستہ بھی شریک تھا۔ یہ تقریب قونصل جنرل کی رہائش پر ہوئی۔ قونصل فوزیہ فیاض نے صدر مملکت کا یوم پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ ڈپٹی قونصل جنرل شاہد بھٹو نے وزیراعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے پاکستانی کمیونٹی کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور کہا کہ ملکی معیشت انتہائی تیز رفتاری سے فروغ پا رہی ہے او راس ترقی میں پاکستانی تارکین کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک سے دہشتگردی کا مکمل صفایا کردیا ہے۔ بعد میں اسکول کے بچوں نے قومی نغمے گائے جبکہ مقامی شعراءنے یو م پاکستان کے حوالے سے اپنا کلام پیش کیا۔ قونصل جنرل نے تقریب میں شریک بچوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔

شیئر: