Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی، ویسٹ انڈین اسکواڈ پہنچ گیا

کراچی: پاکستان کے ساتھ3 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی پہنچ گئی۔ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ون ٹیم پاکستان کے درمیان پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا ۔ میچ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مزید کھلاڑی جلد کراچی پہنچیں گے۔ کراچی ایئرپورٹ پر سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کھلاڑیوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ کھلاڑیوں مقامی ہوٹل میں بھی اجرک اور ٹوپی پہنے رہے، ہوٹل انتظامیہ نے کرکٹرز کا پھولوں کے ہار سے استقبال کیا۔کپتان جیسن محمد اور مارلن سیموئلزکے چہروں سے خوشی عیاں تھی۔کراچی پہنچنے والوں میںکپتان جیسن محمد سمیت، مارلن سیموئلز،سیموئیل بدری اور آندرے فلیچر سمیت کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ جمی ایڈمز شامل ہیں۔میچ کے ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں اور میدان کو بھی سجا دیا گیا ہے۔ یکم، 2 اور 3 اپریل کو تینوں ٹی ٹوئنٹی نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ویسٹ انڈین کامکمل اسکواڈ جیسن محمد (کپتان)، سیموئل بدری، ریاد ایمرٹ، آندرے فلیچر، آندرے میکارتھی، کیمو پال، ویرا سیمی پرمال، رومین پاویل، دنیش رام دین، مارلن سیموئلز، اوڈین اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز شامل ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ میں اسٹیورٹ لا(ہیڈ کوچ)، الفونسو تھامس (معاون کوچ)، ریان میرون (معاون کوچ)، ویرنن ولیمز (فزیوتھراپسٹ) اور ڈیکسٹر آگسٹس (ویڈیو ڈیٹا اینالسٹ) شامل ہیں۔دورہ پاکستان کے حوالے سے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد یہ دورہ خوش کن ہے۔ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کے بھی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں پی ایس ایل سے 3 کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں۔ سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، فخرز مان، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی اور حسین طلعت کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔آئی سی سی نے بھی سیریز کےلئے آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔ سیریز کو پاکستانی امپائرز ہی سپروائز کریں گے جبکہ آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے، ڈیوڈ بون 1987 کے بعد پہلی بار پاکستان کا دورہ کریں گے۔

شیئر: