Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آگئے میری موت کا تماشا دیکھنے‘، لیجنڈ بالی وڈ اداکار نانا پاٹیکر چل بسے

بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار نانا پاٹیکر انڈیا کے شہر گووا میں 75 برس کی عمر میں وفات پا گئے۔
ٹریبیون انڈیا کے مطابق انہوں نے صبح ساڑھے تین بجے کے قریب ایک دوست کو میسج کر کے بتایا تھا کہ ان کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ میسج موت سے تھوڑی دیر قبل بھجوایا گیا تھا جس کو پڑھنے کے بعد ان کے دوست فوری طور پر ان کے اپارٹمنٹ پر پہنچے۔
جس ہسپتال میں ان کو لے جایا گیا اس سے وابستہ ایک سینیئر ڈاکٹر شیکھر سالکر کا کہنا ہے کہ نانا پاٹیکر ایک کیئر ٹیکر کے ہمراہ رہ رہے تھے۔
ڈاکٹر سالکر کے مطابق ان کے دوست نے میسیج چار بجے کے قریب دیکھا اور فوراً ان اپارٹمنٹ پر پہنچے جہاں وہ بے ہوشی کی کیفیت میں تھے۔
بعدازاں ان کو ہسپتال پہنچایا گیا جبکہ علاج ایمبولینس کے اندر ہی شروع کر دیا گیا تھا۔
ہسپتال پہنچنے کے بعد بھی ڈاکٹروں کی جانب سے ان کو ہوش میں لانے کی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں اور صبح پانچ بج کر 10 منٹ پر ان کی وفات کا اعلان کر دیا گیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کو دل کا دورہ پڑا تھا۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سمیت شوبز شخصیات کی جانب سے اداکار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں لکھا کہ ان جیسی منفرد شخصیت اور اداکاری کا معیار بہت کم فنکاروں میں ہوتا ہے۔
اداکار رتیش دیشمکھ نے ایک لمبی پوسٹ میں اپنے جذبات کا اظہار کیا، انہوں نے لکھا کہ ’آج میرے پاس الفاظ نہیں ایسا لگتا ہے میرے دل پر بجلی گر گئی ہو، صرف یہ جملہ ہی میرے ذہن کو سن اور الفاظ کو گم کر دینے کے لیے کافی ہے، کہ نانا چلے گئے۔‘

نانا پاٹیکر کا فلمی کیریئر کئی دہائیوں پر محیط تھا (فوٹو: انڈین میڈیا)

ان کے مطابق ’کبھی شاندار ہیرو، کبھی ایسا ولن جو خوفزدہ کر دے اور کبھی سنجیدہ چہرے کے پیچھے شرارت، آپ کی اداکاری میں ہر رنگ زندہ ہو جاتا تھا۔‘
انہوں نے نانا پاٹیکر کے ساتھ اپنی فلموں کا حوالہ دیتے ہوئے خود کو خوش قسمت قرار دیا کہ ان کے ساتھ کام کا موقع ملا اور آخر میں لکھا کہ ’آج واقعی ایک عہد ختم ہو گیا ہے۔‘
خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداح بھی صدمے میں ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار ان کی فلموں کے مشہور ڈائیلاگ، ٹکڑے اور تصویریں شیئر کر کے کر رہے ہیں۔
اس وقت ان کی فلم کرانتی ویر کا وہ منظر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ پھانسی کے موقع پر لوگوں کو دیکھ کر کہتے ہیں کہ ’آ گئے میری موت کا تماشا دیکھنے‘
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور ان کا شمار ہندی اور مراٹھی سینیما کے سنجیدہ اور باوقار فنکاروں میں ہوتا تھا۔
انہوں نے 1978 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اپنی منفرد شخصیت اور آواز کی وجہ سے جلد ہی فلم بینوں کے دل میں گھر کر گئے۔ ان کا شیار ان فنکاروں میں ہوتا ہے کہ انہوں نے جو بھی کردار کیا، اسے سراہا گیا۔
انہوں نے اپنے کئی دہائیوں پر محیط کیریئر کے دوران کئی فلموں میں کام کیا جن میں زیادہ تر کامیاب ہوئیں۔
ان کی مشہور فلموں میں پرندہ، غلام مصطفیٰ، اگنی شاکسی، خاموشی، اب تک چھپن، ویلکم، وجود، یشونت اور ہم دونوں سمیت کئی فلموں میں کیا۔
فن کے اعتراف کے طور پر ان کو تین نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ 2013 میں پدم شری اعزاز بھی دیا گیا تھا۔

شیئر: