Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فلم ’زندگی اور موت کا مسئلہ‘ آسکر میں نامزدگی کے لیے منتخب

فلم کی کہانی ’رومانوی اور بلیک کامیڈی‘ کا امتزاج ہے (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی فلم کمیشن نے فیچر فلم ’مسالۃ حیاۃ او موت‘ (زندگی اور موت کا مسئلہ) کو 99 ویں اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) کی بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں مملکت کی نمائندگی کے لیے باضابطہ طور پر منتخب کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی آسکر سلیکشن کمیٹی کی نگرانی میں متعدد فلموں کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی میں معروف سعودی فلم ساز اور انڈسٹری کے ماہرین شامل ہیں جو موصول ہونے والی فلموں کا جائزہ لینے کے بعد اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کے منظور شدہ معیارات کے مطابق کسی ایک فلم کا انتخاب کرتی ہے۔
سعودی فلم اس کیٹیگری میں دنیا بھر کی فلموں کے ساتھ مقابلہ کرے گی جنہیں جانچ اور انتخاب کے کئی مراحل سے گزرنا ہوگا۔ پہلے شارٹ لسٹ کا اعلان کیا جاتا ہے جس کے بعد اکیڈمی حتمی فہرست جاری کرتی ہے۔
بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے ایوارڈ کا اعلان مارچ 2027 میں لاس اینجلس میں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں کیا جائے گا۔
سعودی سینما پروڈکشن کی فلم ’زندگی اور موت کا مسئلہ‘ کی کہانی ’رومانوی اور بلیک کامیڈی‘ کا امتزاج ہے۔ فلم کی کہانی جدہ شہر میں پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔

کہانی کے کرداروں میں ایک لڑکی حیا ہے جو ایک قدیم خاندانی سوچ و عقیدے پر یقین رکھتی ہے کہ وہ 30 برس کی عمر کو پہنچتے ہی موت کا شکار ہو جائے گی۔
جبکہ یوسف ایک ہارٹ سرجن ہے اور اسے دل کی دھڑکن کا مسئلہ درپیش ہے۔ غیرمتوقع حالات دونوں کو ایک دوسرے کے قریب لے آتے ہیں اور انہیں زندگی، موت اور محبت کی تکون پر پہنچا دیتے ہیں۔ ایسے میں کئی سوالات ابھرتے ہیں۔
اس فلم کے ہدایت کار لانس باطھف اور اس کی رائٹر سارہ طیبہ ہیں۔ اس میں سعودی ٹیلنٹ اور فلم انڈسٹری کے نمایاں ستارے شامل ہیں۔

 

شیئر: