Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی انڈسٹریل سٹی میں کارکنوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدمات

کیمپوں میں فٹبال، باسکٹ بال اور والی بال کے علاوہ ضروری خدمات کے دفاتر موجود ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
رائل کمیشن برائے جبیل و ینبع اپنے آپریشنل فریم ورک کے تحت انڈسٹریل ایریا کے لیبر کیمپس میں معیار زندگی بہتر بنانے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد محض رہائش کی فراہمی ہی نہیں بلکہ ورکرز کو ایسی خدمات، سہولتیں اور سرگرمیاں فراہم کرنا ہے جو رہائشیوں کی فلاح و بہبود میں اضافہ کریں۔ یہ تمام کوششیں سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
رائل کمیشن جبیل میں ڈیپارٹمنٹ آف ریذیڈینشل پراپرٹی سروسز کے سربراہ قبلان الھاجری نے بتایا کہ لیبر کیمپس میں خدمات اور سہولتوں کا ایک مربوط نظام موجود ہے۔
اس میں انفراسٹرکچر، سپورٹس، تفریحی مقامات اور تجارتی خدمات کے ساتھ دیکھ بھال، صفائی ستھرائی اور حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔ 
رائل کمیشن کے زیرِ انتظام انڈسٹریل سٹیز میں آٹھ لیبر کیمپس ہیں جن میں مجموعی طور پر 36 ہزار 162 افراد کی رہائش کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ الجبیل انڈسٹریل سٹی میں 9ویں کیمپ کو فعال کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے جہاں آٹھ ہزار سے زائد افراد کی گنجائش ہے۔

قبلان الھاجری نے بتایا کہ رائل کمیشن کی جانب سے ان کیمپوں میں روزمرہ زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف سماجی اور تفریحی پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ سالانہ 10 سے زیادہ سرگرمیوں میں سپورٹس، ثقافتی شوز اور قومی تقریبات سمیت مختلف سرگرمیاں شامل ہیں۔
کیمپوں میں فٹبال، باسکٹ بال اور والی بال کے علاوہ دیگر سپورٹس گراؤنڈ، جمنازیم، سنیما گھر، طبی مراکز اور ضروری خدمات کے دفاتر بھی موجود ہیں۔

ان اقدمات کا بنیادی مقصد محض کارکنوں کو رہائش فراہم کرنا نہیں بلکہ ایک مربوط طرز زندگی کا ماحول فراہم کرنا ہے۔
ان رہائشی علاقوں نے حال ہی میں انڈسٹریل سٹیز اور اکنامک زونز میں مثالی رہائش کے لیے ایوارڈ بھی حاصل کیے ہیں۔

شیئر: