Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ : اسکیبیز کے سبب سالانہ امتحانات موخر نہیں ہونگے ، وزیر تعلیم

مکہ مکرمہ /جدہ ..... وزیر تعلیم احمد العیسی نے کہا ہے کہ اسکیبیز ( خارش ) کی وجہ سے مکہ مکرمہ میں سالانہ امتحانات مﺅخر نہیں کئے جائیں گے ۔ جلدی بیماری اسکیبیز جان لیوا نہیں ہے ۔ سبق نیوز کے مطابق وزیر تعلیم مکہ مکرمہ کے ایک اسکول کے دورے کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ اسکیبیز کی ادویات باآسانی دستیاب ہیں ۔ بعض اسکوں کے طلباءمیں یہ مرض ایک دوسرے سے منتقل ہوا ۔ اسکول میں احتیاطی تدابیر اختیار کر لی گئی ہیں تاکہ متعددمرض پر قابو پایا جاسکے ۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا اگر غیر معمولی حالات میں ان اسکولوں کو چند دن کےلئے بند کیا جاسکتا ہے جہاں مریض طلباءکی تعداد 5 سے 6 فیصد تک ہو ۔اسکولوں کی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں انہیں وزارت صحت کے تعاون سے اہم معلومات مہیا کی جارہی ہیں تاکہ فوری احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جاسکے ۔ دریں اثناء ماہرمتعدی اور سرطانی امراض ڈاکٹر فہد الخضیری کا کہنا ہے کہ اسکیبیز کا مرض خطرناک نہیں ہوتا ۔ مریض کو دوسروں سے دور رکھا جائے ۔ شفایاب ہونے میں 3 دن لگتے ہیں ۔ دوسری جانب مکہ مکرمہ ادارہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکیبیز کی وجہ سے تمام اسکولوں میں تعطیل نہیں کی گئی صرف وہ اسکول بند کئے گئے ہیں جہاں اس مرض میں مبتلا طلبا ءپائے گئے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق ان دنو ںمکہ مکرمہ میں اسکیبیز کا مرض پھیلا ہوا ہے جس میں اب تک 619 افراد کے مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جن میں 15 پاکستانی بھی شامل ہیں ۔ اس حوالے سے ماہر متعد ی امراض ڈاکٹر فہد الخضیری نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکیبیز نامی مرض جلدی ہے جسے عرف عام میں خارش کہا جاتا ہے ۔ یہ مرض ان مقامات پر پایا جاتا ہے جہاں سیلن زیادہ او ر صفائی کا فقدان ہو۔ اسکیبیز متعدی مرض ہے ایک سے دوسرے میں باآسانی منتقل ہوجاتا ہے تاہم اسکا علاج بے حد آسان ہے اور ارزاں ہے ۔ شفا کی مدت 3 دن ہوتی ہے جس میں مریض کو دیگر افراد کے ساتھ میل جول سے دوررکھنا پڑتا ہے تاکہ ان میں بھی یہ مرض منتقل نہ ہو ۔ ڈاکٹر الخضیری نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر مریض ازدحام والے مقامات پر نہ جائے ، جسمانی صفائی کا خاص خیال رکھے ، کپڑوں کی صفائی کا اہتمام کرے ، بالوں کے برش اور تکیے کو صاف رکھے تاکہ مریض کے جراثیم دوسروں کو منتقل نہ ہوں ۔ ماہرمتعدد امراض کا کہنا تھا کہ عام طور پرقیدی اس مرض کا زیادہ شکار ہوتے ہیں ۔ اسکیبیز کے لئے مخصوص مرہم ہر جگہ باسانی دستیاب ہوتا ہے ۔دوسری جانب ادارہ امور صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں 25 اسکولوں کے طلباءاسکیبیز سے متاثر ہیں جن میں 12 اسکول طلباءکے جبکہ 13 طالبات کے ہیں ۔ اس ضمن میں وزارت صحت نے متاثرہ اسکولوں کا دورہ بھی کیا اور انتظامیہ سے رابطے میں ہے ۔ دوسری جانب وزارت تعلیم کے ترجمان مبارک العصیمی کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم اور وزیر صحت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اس مرض کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ وزارت صحت کی ٹیمیں بھی اپنا کام کررہی ہیں ۔ تاہم اسکیبیز ایسا خطرناک مرض نہیں کہ اس سے پریشانی لاحق ہو ۔دوسری جانب وزارت تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ کے تمام اسکولوں میں تعطیل نہیں کی صرف وہ اسکول بند کئے گئے تھے جہاں اس مرض میں مبتلاطلباءپائے گئے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ اسکولوں کو 2 دن کےلئے بند کرکے وہاں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا گیا تھا تاکہ مرض کے جراثم کا خاتمہ ہو سکے ۔ وزارت صحت کے تعاون سے ادویات کے اسپرے کی مہم جاری ہے ۔ محکمہ انسداد متعدی امراض کی جانب سے اسکولوں میں اسپرے کرنے کےلئے 14ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 8 خواتین اہلکاروں پر مشتمل ہیں جو گرلز اسکولوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کررہی ہیں ۔ وزارت کی جانب سے اسکولوں کے معائنہ کے لئے بھی ٹیمیں ارسال کی گئیں جن میں ہر ٹیم ایک ڈاکٹر اور 2 پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ہے ۔

شیئر: