Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نادرا کی طرف سے پیدائش سرٹیفیکٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنانے کی سہولت

پہلی بار رجسٹریشن کے لیے یہ سہولت 31 دسمبر 2026 تک مؤثر ہوگی (فوٹو: اے پی پی)
نادرا نے شناختی کارڈ سے محروم شہریوں کے لیے پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی مشروط سہولت فراہم کی ہے۔
اتوار کو نادرا کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پہلی بار رجسٹریشن کے لیے یہ سہولت 31 دسمبر 2026 تک مؤثر ہوگی اور متبادل طریقوں سے درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ 18 سال یا زائد عمر کی شادی شدہ خواتین کے پاس نکاح نامہ موجود ہو اور والد یا والدہ اور شوہر کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہو، کیونکہ ان کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہو گی۔
جبکہ غیرشادی شدہ خواتین پر شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔
24 سال یا زائد عمر مرد کے والد یا والدہ اور کسی ایک بہن بھائی کا شناختی کارڈ بنا ہو اور والدین میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہو گی۔
مزید کہا گیا کہ والدین اور شوہر دونوں فوت ہوچکے ہوں، لیکن نادرا میں ان کا ریکارڈ موجود ہو تو بائیومیٹرک  پر چھوٹ مل سکے گی۔
نادرا کے مطابق پہلی بار نان سمارٹ کارڈ کسی فیس کے بغیر بھی جاری کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ شہری رجسٹریشن کے وقت درست معلومات یقینی بنائیں کیونکہ ولدیت، تاریخِ پیدائش اور جائے پیدائش میں تبدیلی نہیں ہو سکے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات کی ہدایت پر نادرا نے سہولت کا طریقہ وضع کیا جبکہ نادرا اتھارٹی بورڈ بھی اس کی منظوری دے چکا ہے۔ نادرا آرڈیننس اور شناختی کارڈ قواعد و ضوابط کے تحت  سہولت دی گئی ہے۔

 

شیئر: