Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل میچوں کیلئے پاکستان سازگار ہے، ویسٹ انڈین کوچ

کراچی :ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کوچ اسٹورٹ لا نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل میچوں کے انعقاد کیلئے صورتحال انتہائی سازگار ہے اور انہیں پاکستان میں حالیہ سیریز کے دوران کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ واپسی سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک موجود لوگوں کو حقیقی صورتحال کا اندازہ نہیں ہوتا اور ہم بھی بہت کچھ سنتے اور سمجھتے رہے لیکن پاکستان میں آکر اور دیکھ کر ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا کہ حالات ہر لحاظ سے بہت بہتر ہیں۔سیکیورٹی بہت اچھی رہی اور مہمان داری کا تو جواب نہیں۔ ایسا کچھ بھی دیکھنے میں نہیں آیا جس کے بارے میں بہت باتیں کی جا تی تھیں۔ ویسٹ انڈین کوچ نے کہا پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں اور مجھے اس بات پر افسوس ہو رہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے ہوم کراوڈ کے سامنے کھیلنے کے مواقع نہیں مل رہے جبکہ شائقین بھی متاثر ہو رہے ہیں اور وہ اپنے اسٹارز کو اپنے سامنے کھیلتا نہیں دیکھ سکتے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میچوں کا شیڈول بہت سخت تھا اور اگر ہمیں کچھ وقت ملتا تو نتائج ہمارے حق میں بہتر ہو سکتے تھے لیکن اس کے باوجود بہت اچھے میچز ہوئے بدقسمتی سے آئی پی ایل کی وجہ سے ہمارے پاس یہاں قیام کا زیادہ وقت نہیں تھا۔

شیئر: