Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان سخت موقف رکھے گا

 
  کوالالمپور: پی سی بی کے حکام کےلئے ملائیشیا میں منگل 10 اپریل کو ہونے والا ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اجلاس اہمیت اختیار کرگیا۔ہند نے اپریل میں پاکستان میں ایمرجنگ ٹیموں کا ایشین کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا اور اب پاکستان یہ موقف اختیار کرے گا کہ اگرہندپاکستان میں کھیلنے سے انکار کررہا ہے تو پاکستان بھی ہند نہیں جائے گا لہٰذا ایشین ٹیموں کے ٹورنامنٹ کی میزبانی ملائیشیا یا کسی اور ایشیائی ملک کو دی جائے۔ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس میں ہندوستانی بورڈ کا نمائندہ بھی شریک ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کریں گے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں یہ شامل ہے کہ ٹورنامنٹس کی میزبانی کس ملک کو دی جائے۔ نجم سیٹھی اتوار کو ملائیشیا روانہ ہورہے ہیں۔نجم سیٹھی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں۔ اجلاس میں اس سال ہونے والے 3 بڑے ٹورنامنٹس ایشیا کپ ، ایمرجنگ ایشین ٹورنامنٹ اور ایشیا کپ انڈر 19 کے میزبان ملک کا فیصلہ ہونا ہے۔ نومبر میں لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے ٹی ٹوئنٹی میچ کے موقع پر نجم سیٹھی نے سری لنکن بورڈ کے سربراہ کے ساتھ پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ اپریل میں پاکستان ایمرجنگ ایشین کپ کی میزبانی کرے گا لیکن ہند نے اپنی جونیئر ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا جس کے بعد ٹورنامنٹ کھٹائی میں پڑ گیا۔ہند نے ستمبر میں سینیئر ٹیموں کے ایشیا کپ کی میزبانی کرنی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ اگر ہند جونیئر ٹیم پاکستان نہیں بھیجتا تو پاکستان بھی ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کردے گا۔ہند کو ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بنگلہ دیش کی حمایت حاصل ہوگی تاہم پاکستان کوشش کرے گا کہ ایشین ٹورنامنٹس کی میزبانی کے حوالے سے ایسی پالیسی بنائی جائے کہ تمام ملکوں کو ٹورنامنٹس کی میزبانی کے مساوی مواقع مل سکیں۔

شیئر: