Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنیامین نیتن یاہو ’مزید ایک منٹ‘ بھی وزیراعظم نہیں رہ سکتے: گادی آئزن کوٹ

اسرائیلی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزن کوٹ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو ایک منٹ کے لیے بھی مزید حکومت کے سربراہ نہیں رہ سکتے (فائل فوٹو: اے پی)
اسرائیلی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزن کوٹ نے اتوار کے روز کہا ہے کہ نگران وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو ایک منٹ کے لیے بھی مزید حکومت کے سربراہ نہیں رہ سکتے۔ اُن کا یہ بیان نیتن یاہو کے ایک معاون کی جانب سے مبینہ طور پر انتخابی عمل میں مداخلت کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد آیا ہے۔
عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے نمائندوں کی جانب سے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے کے امکانات پر بات چیت کے لیے ہونے والی ملاقات کے چند گھنٹوں بعد ہی آئزن کوٹ نے اپنے سیاسی حریف پر شدید تنقید کی۔
اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ آئزن کوٹ نے کہا کہ ’سبکدوش ہونے والے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو اور اُن کے ساتھیوں کا طرزِعمل اسرائیلی جمہوریت کے لیے ایک ٹھوس، براہِ راست اور فوری خطرہ ہے۔‘
اِس سے قبل اسرائیلی ٹیلی وژن کے چینل 12 نے خبر دی تھی کہ انتخابات سے ایک روز قبل نیتن یاہو کے چیف آف سٹاف عیدو نورڈن نے عرب اسرائیلی جماعت رعام کے ارکان کے خلاف شکایت درج کرانے کے لیے پولیس کمشنر کے دفتر سے رابطہ کیا تھا۔
چینل 12 کے مطابق، اِس گفتگو کے دوران عیدو نورڈن نے پولیس افسروں کی توجہ ایک مبینہ خفیہ معلومات فراہم کرنے والے شخص کی جانب مبذول کرائی، جو ماضی میں نیتن یاہو کے دفتر کا ملازم رہ چکا تھا۔
اِس ذریعے سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر رعام پارٹی کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ نیتن یاہو نے بعدازاں عرب اسرائیلی جماعتوں کے خلاف مہم شروع کر دی اور انتخابات میں ریکارڈ تعداد میں نشستیں حاصل کرنے والی اِن جماعتوں پر انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔
تاہم پولیس کی جانب سے اس ذریعے کی فراہم کردہ معلومات کو بے بنیاد قرار دیے جانے کے بعد تینوں افراد کو رہا کر دیا گیا۔
آئزن کوٹ نے اتوار کے روز کہا کہ ’میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اِس معاملے کی فوری تحقیقات شروع کی جائیں۔‘ یہ بات اُن کی جماعت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہی گئی۔
دوسری جانب نیتن یاہو کے دفتر نے چینل 12 کی خبر کو ’جھوٹا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عیدو نورڈن نے ’ایک شہری کے طور پر اپنی ذمہ داری پوری کی تھی۔‘
اپوزیشن نے نگران وزیرِاعظم پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اقتدار سے چمٹے رہنے کی کوشش میں عرب جماعتوں اور انتخابی نتائج کی ساکھ کو مشکوک بنانا چاہتے ہیں۔

فوج کے سابق سربراہ اور وزیراعظم کے امیدوار آئزن کوٹ نے نیتن یاہو پر سازشیں کرنے کا الزام عائد کیا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)

گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات کے بعد نہ تو نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کو اور نہ ہی آئزن کوٹ کی قیادت میں اپوزیشن کو حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل ہو سکی ہیں۔
عرب اسرائیلیوں کی دو بڑی جماعتوں جوائنٹ لسٹ اور رعام نے آئزن کوٹ کی حمایت کا عندیہ دیا ہے، جنہیں گزشتہ ہفتے حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
ہفتے کے روز نیتن یاہو نے آئزن کوٹ سے اپیل کی کہ وہ اُن کے ساتھ مل کر قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دیں، تاہم فوج کے سابق سربراہ نے اُن پر ’سازشیں‘ کرنے اور سیاسی کشیدگی کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا۔

شیئر: