پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کے دوران پنجاب پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب اشتہاری ملزم چوہدری انعام وینس عرف انعامو وینس اور اس کا ساتھی فیصل بڈھیکا ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان پنجاب کے مختلف اضلاع میں قتل، اجرتی قتل، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، بھتہ خوری، دہشت گردی اور پولیس اہلکاروں پر قاتلانہ حملوں سمیت 32 سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
سرگودھا ریجن کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سہیل اختر سکھیرا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) توقیر محمد نعیم اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ریجنل افسر محمد اشرف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کوٹ مومن کے علاقے میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
مزید پڑھیں
پولیس کے مطابق ملزمان ایک ویگو ڈالے میں سوار تھے۔ پولیس نے انہیں چک نمبر 12 جنوبی کے قریب ناکہ بندی پر روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں انعامو وینس اور فیصل بڈھیکا ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے راکٹ لانچر، ہینڈ گرنیڈز، ڈرون کیمرہ، جدید اسلحہ اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران اس گروہ کے تین مرکزی ارکان سمیت مجموعی طور پر 13 ارکان ہلاک جبکہ متعدد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے انعامو وینس کا نام سرگودھا اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں پولیس کے خلاف مسلح کارروائیوں، ویڈیو پیغامات، دھمکیوں اور ایک پولیس کانسٹیبل کے اغوا کے باعث مسلسل سامنے آتا رہا۔ وہ سوشل میڈیا پر پولیس افسران کو براہ راست للکارتا، اپنے خلاف کارروائیوں کو ذاتی دشمنی قرار دیتا اور متعدد مرتبہ پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دیتا رہا۔
بھیرہ انٹرچینج پر پولیس اہلکار کا اغوا
انعامو وینس کا نام ملک بھر میں اس وقت نمایاں طور پر سامنے آیا جب اگست 2026 میں بھیرہ انٹرچینج کے قریب پولیس ناکے پر تعینات کانسٹیبل محمد اویس کو مسلح افراد نے اغوا کیا۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل محمد اویس تھانہ بھیرہ میں تعینات تھے اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ انٹرچینج پولیس ناکہ جھگیاں جھمٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران کار سوار مسلح ملزمان نے ناکے پر حملہ کیا، فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلایا اور کانسٹیبل اویس کو اس کے سرکاری اسلحے سمیت زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں مغوی کانسٹیبل محمد اویس کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے دکھائی دیے۔ ویڈیو میں انعامو وینس بھی موجود تھے جو بے خوف انداز میں پولیس کے اعلیٰ افسران کو براہ راست دھمکیاں دے رہے تھے۔
ویڈیو میں انہوں نے پولیس حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مطالبات تسلیم کیے جائیں اور اس کے خلاف کارروائیاں بند کی جائیں، ورنہ پولیس کا کوئی اہلکار محفوظ نہیں رہے گا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ وہ ہر چوک اور ناکے پر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں مجبور کیا گیا تو وہ سپاہی سے لے کر آئی جی تک کسی کو نہیں چھوڑے گا اور پولیس افسران کے خاندان بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
ویڈیو میں انعامو وینس نے یہ بھی کہا ’کوئی شخص ماں کے پیٹ سے مجرم بن کر نہیں آتا بلکہ حالات اور واقعات انسان کو اس مقام تک پہنچا دیتے ہیں‘ انہوں نے اپنی کارروائیوں کو پولیس کی مبینہ زیادتیوں کا ردعمل قرار دیا اور کہا کہ وہ بہت برداشت کر چکا ہے۔
پولیس سے دشمنی کی وجہ کیا تھی؟
انعامو وینس کے ویڈیو پیغامات اور اس سے منسوب آڈیو ریکارڈنگز میں بار بار چند معاملات سامنے آتے رہے۔ ان میں اپنے خلاف پولیس کارروائیاں، رشتہ داروں اور ساتھیوں کے خلاف اقدامات اور بیرون ملک موجود اس کے بھائی کی گرفتاری شامل تھے۔
انعامو وینس کا تعلق سرگودھا کے علاقے سالم سے بتایا جاتا ہے جو تھانہ پھلروان کی حدود میں آتا ہے۔ پولیس کے مطابق وہ طویل عرصے سے مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ ذرائع کے مطابق انعامو وینس کے ایک بھائی بھی مبینہ طور پر جرائم میں اس کے ساتھ ملوث رہا، تاہم بعد میں بیرون ملک فرار ہو گیا۔

پولیس ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ انعامو وینس کے بھائی کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد انٹرپول نے اسے گرفتار کیا اور اسے پاکستان منتقل کیے جانے کا معاملہ جاری تھا کہ انعامو وینس نے بھیرہ سے پولیس اہلکار کو اغواء کیا۔
چند ماہ قبل اس کے ایک ساتھی مولوی اویس کی ہلاکت کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔ انعامو وینس نے اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کی تھیں اور بظاہر اس واقعے پر دلبرداشتہ دکھائی دیتے تھے۔ تاہم دستیاب معلومات سے یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مولوی اویس کس واقعے میں اور کن حالات میں ہلاک ہوا تھا۔
مغوی کانسٹیبل کی بازیابی
کانسٹیبل محمد اویس کے اغوا کے بعد سرگودھا پولیس نے اس کی بازیابی کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی۔ پولیس کی ٹیموں نے رات گئے تک منڈی بہاؤالدین کے علاقے ملکوال اور گردونواح میں سرچ آپریشن اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ بالآخر سرگودھا پولیس، منڈی بہاؤالدین پولیس اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی مشترکہ کارروائی میں میانہ گوندل کے قریب مغوی کانسٹیبل محمد اویس کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد ہوئی، تاہم انعامو وینس اور اس کے ساتھی اس کارروائی کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پنجاب کے کئی اضلاع تک پھیلا مبینہ جرائم کا نیٹ ورک
پریس کانفرنس میں پولیس حکام نے بتایا کہ انعامو وینس اور اس کا گروہ 2023 سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں سرگرم تھا۔ اس کی مبینہ سرگرمیوں کا دائرہ سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، چکوال، گجرات اور جہلم تک پھیلا ہوا تھا، جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی اس گروہ کی سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہیں۔

پولیس کے مطابق انعامو وینس کے خلاف مجموعی طور پر 32 سنگین مقدمات درج تھے۔ ان میں اجرتی قتل، اغوا برائے تاوان، پولیس اہلکاروں کا اغوا، ڈکیتی، بھتہ خوری، دہشت گردی اور پولیس اہلکاروں پر قاتلانہ حملوں کے مقدمات شامل تھے۔
اس کا ساتھی فیصل بڈھیکا بھی متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس حکام کے مطابق فیصل بڈھیکا کے خلاف انسپکٹر شاہد ہرل اور انسپکٹر عنصر عباس پر قاتلانہ حملے، قتل، دہشت گردی اور بھتہ خوری کے مقدمات درج تھے۔
پولیس کے مطابق اس گروہ کے خلاف گزشتہ چند ماہ کے دوران کارروائیوں میں اس کے تین مرکزی ارکان سمیت مجموعی طور پر 13 ارکان ہلاک جبکہ متعدد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔












