Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں 13 سالہ بچی کی پراسرار ہلاکت، ’جسم پر تشدد کے نشانات ملے‘

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے انتہائی حساس علاقے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز (سیکٹر ایچ 11) میں 13 سالہ بچی کی پراسرار ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون محمد بن اشرف کو عہدے سے ہٹا کر ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کلوز کر دیا گیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی منظوری سے محمد بن اشرف کو فوری طور پر اپنی موجودہ تنخواہ اور سکیل پر تاحکمِ ثانی ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 15 نومبر 2026 کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ایم سائم سلطان کے دستخط سے جاری ہونے والے اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان احکامات پر فوری عمل درآمد ہوگا۔
اس سے قبل پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ مقتولہ بچی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایک سینیئر پولیس افسر کے گھر پر رہائش پذیر تھی جو اس کے قریبی رشتہ دار بھی ہیں جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران متعلقہ افسر کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا تھا۔
تھانہ شمس کالونی میں مقتولہ کے والد اصغر علی کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 (قتلِ عمد) کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق 13 سالہ فاطمہ اصغر اسلام آباد کی پولیس لائنز میں اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ رہتی تھی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ضلع رحیم یار خان کے علاقے راجن پور کلاں کے رہائشی اصغر علی نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی فاطمہ مدرسے میں حفظِ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہی تھی۔
مدعی کے مطابق 14 نومبر کی شام انہیں اطلاع ملی کہ ان کی بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے اور اسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور اس کی موت واقع ہو گئی۔
والد کا کہنا ہے کہ جب بچی کے جسم کا معائنہ کیا گیا تو اس پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔
اصغر علی نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کی بیٹی کے قتل کی اصل وجوہات معلوم کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
تھانہ شمس کالونی کی پولیس نے 15 نومبر کو مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تفتیش کے لیے معاملہ انویسٹی گیشن ونگ (انڈسٹریل ایریا زون) کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور بچی کی موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد سامنے آنے کے بعد واضح ہو سکے گی۔

شیئر: