Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سورنوں کا’’ہندوستان بند‘‘کے دوران ہنگامہ اور فائرنگ میں درجنوں زخمی

نئی دہلی۔۔۔۔2اپریل کو دلتوں کے ’’ہندوستان بند‘‘مظاہرے کے بعداب ریزرویشن کیخلاف سورنوں کا سوشل میڈیا کے ذریعے کئے گئے ہندوستان بند کے اعلان کا اثر ملک بھر میں دکھائی دینے لگا۔ مدھیہ پردیش کے بھنڈ اور مرینا میں مظاہرین کے احتجاج کی وجہ سے کرفیو لگا دیا گیا ۔ دوسری جانب بہار کے آرا میں مظاہرین نے ٹرین روک دی ۔ گیا میں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیاجس سے درجنوں زخمی ہوگئے۔ ملک بھر میں ہونیوالے مظاہرے کے پیش نظر مر کزی حکومت نے ریاستوں کو مستعد کردیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے ریاستوں کو ہدایت کی ہے کہ بند کے دوران سخت حفاظتی بندوبست کیا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔واضح ہو کہ ایس سی ایس ٹی ایکٹ میں ترمیم کیخلاف احتجاج کے دوران ملک بھر میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ، ہنگامہ اور تشدد کے واقعات میں تقریباً10افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
٭بہار کے شہر آرا میں ہندوستان بند کے دوران مظاہرین اور سیکیورٹی فورس کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 7پولیس اہلکار اور متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ مظفر پور، پٹنہ سٹی، کیمور، اور چھپرا میں مظاہرین  نے سڑکوں پررکاوٹیں کھڑی کرکے اور ٹائرجلاکر  ٹریفک جام کردیں ۔ پرتشدد حالات کے پیش نظردفعہ 144نافذ کرکے علاقے میں سیکیورٹی فورس  کثیر تعداد میں تعینات کردی گئی۔

٭متھرا میں برج منڈل راجپوت کمیٹی کی جانب سے ریزرویشن کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔
٭راجگیر سے نئی دہلی جانیوالی سرم جیوی ایکسپریس کو نالندہ میں اور پٹنہ بکسر پسنجر ٹرین کوآرا میں مظاہرین نے ریلوے پٹریوں پر روک دیا۔
٭ممبئی میں آج بند کا کوئی اثر نہیں رہا۔
٭سورنوں کے ہندوستان بند کے دوران بہار میں ہنگامہ اور فساد برپا ہوگیا۔ بہار کے شہر بھوجپور میں مظاہرین نے این ایچ84آرا بکسر شاہراہ صبح سے ہی جام کردی۔
وزیر داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں واضح کیا گیا کہ اگر کسی بھی علاقے میں پرتشدد ہنگامہ ہوا تو اس کے ذمے دار براہ راست ڈی ایم اور ایس پی ہونگے۔ مدھیہ پردیش، اترپردیش اور راجستھان میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔یوپی کے 6اضلاع میں ہائی الرٹ ہے جبکہ غازی آباد اور الہ آباد میں دفعہ 144نافذ کردیا گیا۔ سہارنپور میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس معطل کردی گئی اور فیروزآباد میں پرائمری سے درجہ 9تک کے اسکول بند کردیئے گئے۔
مزید پڑھیں:- - - - -ہماچل پردیش: اسکول بس کھائی میں جاگری، 20بچے ہلاک

شیئر: