Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

3ہفتوں کے مسلسل اضافے کے بعد سعودی اسٹاک مارکیٹ میں کرکشن

پرائس انڈیکس میں 129.24پوائنٹس کی کمی، سرمایہ کاروں کو 25ارب ریال کا نقصان 
غیاث الدین۔ جدہ
3ہفتوں کے مسلسل اضافے کے بعد سعودی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کرکشن دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 252 پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 129.24پوائنٹس کی کمی کے بعد 7824.12پوائنٹس پر بند ہوئی۔ قیمتیں کم ہونے سے سرمایہ کاروں کو 25 ارب ریال کا نقصان ہوا۔ دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہ روسیو تیار رہو ، امریکی میزائل شام کی طرف آرہے ہیں۔ خام تیل کی قیمت 5.44فیصد اضافہ کے بعد 66.82ڈالر فی بیرل کی طرف جاتے ہوئے دیکھی گئی جبکہ سونے کی قیمت 1.57فیصد فروغ کے بعد 1356ڈالر فی اونس تک بڑھ گئی۔ اگر ہم سعودی مارکیٹ کی انفرادی کمپنیوں پر نظر ڈالیں تو معلوم ہو گا کہ حلوانی برادرز کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ جس کی قیمت 8.44فیصد کمی کے بعد 55.31ریال تک گر گئی۔ نقصان کے لحاظ سے دوسرا نمبر گلف جنرل انشورنس کا رہا جس کی قیمت 7.71فیصد انحطاط کے بعد 16.29ریال تک گر گئی۔ فائدے کے لحاظ سے سعودی سیمنٹ کمپنی ٹاپ پر رہی جس کی قیمت 6.37فیصد اضافے کے بعد 52.13ریال تک پہنچ گئی۔ فائدے کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر الائیڈ کوآپریٹیو انشورنس گروپ رہی جس کی قیمت 5.92فیصد فروغ کے بعد 20.23ریال پر بند ہوئی۔ سب سے زیادہ سرمایہ کاری سابک میں کی گئی جس کی مالیت 4ارب ریال تھی اور اس کی قیمت 0.38فیصد کمی کے بعد 116.73ریال پر بند ہوئی۔ کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے الخلیج ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن اور سعودی آٹوموٹیو سروسز کو بونس شیئرز کے ذریعے اپنا سرمایہ بڑھانے کی اجازت دیدی ہے۔ جس کی وجہ سے الخلیج ٹریننگ کے شیئرز ہولڈرز کو ہر 8 شیئرز پر ایک بونس شیئر اور سعودی آٹو موٹیو کے شیئرز ہولڈرز کو ہر 9شیئرز پر ایک بونس شیئر تقسیم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ الاہلی تکافل نے 7.5فیصد اور الجدیدہ تکافل نے 7فیصد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کے اعلانات کئے۔ 

شیئر: