Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ نے 25سرکاری اسکولوں کا انتظام نجی اداروں کے حوالے کر دیا

 جدہ..... سعودی کابینہ نے منگل کو جدہ کے قصر السلام میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت 25 سرکاری اسکولوں کا انتظام نجی اداروں کے حوالے کر دیا۔ غذائی خود کفالت حکمت عملی کی منظوری بھی دیدی۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے اجلاس کے بعد سعودی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سعودی کابینہ چاہتی ہے کہ مملکت میں تعلیمی اداروں کی نجکاری ہو۔ 25اسکولوں کو نجی اداروں کے حوالے کرنے کا فیصلہ اسی سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ 10سے زیادہ سرکاری اداروں کو نجی اداروں کے حوالے کیا جائے گا تاکہ ملک کی قومی پیداوار میں نجی ادارے کا حصہ بڑھے۔ سعودی کابینہ نے ریاست مناکو کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ کابینہ نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو اقتصادی و ترقیاتی تعاون تنظیم کی ترقیاتی امدادی کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے کولمبیا کے صدر سے ٹیلی فونک رابطے ، امریکہ کے نئے وزیرخارجہ اور عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے نتائج سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ کابینہ میں خطے اور دنیا بھر میں رونما ہونے والے واقعات پر خصوصی رپورٹیں پیش کی گئیں۔ کابینہ نے واضح کیا کہ شامی بحران کا واحد حل سیاسی ہے۔ مملکت بحران کے آغاز ہی سے اس کے لئے کوشاں ہے۔ کابینہ نے کابل میں ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور افغانستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ کابینہ نے کابل دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ ، افغان حکومت و عوام سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا او رزخمی ہونے والوں کیلئے فوری شفا کی آرزو ظاہر کی۔
 
 

شیئر: