Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف راکٹ پکڑیں اور خلائی مخلوق سے مقابلہ کریں،بلاول

لاہور... پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان کا مسئلہ عوام نہیں اقتدار ہے۔میاں صاحب کہتے ہیں کہ ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں۔ خلائی مخلوق سے ہے۔اگر ان کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے تو وہ راکٹ  پکڑیںاور خلا میں جا کر خلائی مخلوق سے مقابلہ کریں۔انتخابات سے ایک مہینہ پہلے عمران خان کو یاد آیا ہے کہ کرپشن کے سوا اور بھی مسائل ہیں۔عمران خان نے مینار پاکستان پر جن 11نکات کا ذکر کیا ۔خیبر پختوانخوا میں5 سالوں میں ایک بھی نکتے پر عمل نہیں کیا ۔ ٹھوکر نیاز بیگ میں پارٹی کے ممبر سازی کیمپ کے دورہ کے دوران شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکن میری طاقت اور بازو ہیں ۔آپ نے لوگوں کو بتانا ہے کہ دوسری جماعتوں اور پیپلز پارٹی میں کیا فرق ہے ۔ ہم ایشوز اور عوام کے حقیقی مسائل کی سیاست کرتے ہیں۔ غریبوں ، مظلوم طبقات کی بات کرتے ہیں۔ دوسری طرف وہ پارٹیاں ہیں جن کا کوئی پروگرام اور منشور نہیں۔ان کے پاس غریبوں کو دینے کےلئے کچھ نہیں ۔ عمران خان نے جلسے میں 2 گھنٹے تقریر کی ۔اس میں صرف میں ، میں اور میں تھا ۔ میں نے کرکٹ کھیلی، میں نے شوکت خانم اسپتال بنایا ۔ ان سے پوچھیں 5 سال میں خیبر پختوانخوا میں ایک بھی نیا سرکاری اسپتال بنایا ہے؟ ۔۔ بلاول نے کہا کہ میاں صاحب نے اب نیا شوشہ چھوڑا ہے کہ انتخابات میں میرا مقابلہ پیپلزپارٹی سے نہیں خلائی مخلوق سے ہوگا ۔ ہم تو اس دنیا میں رہتے ہیں۔اس زمین اور دھرتی پر رہتے ہیں۔ اگر آپ کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے تو راکٹ پکڑیں۔ خلا میں جائیں اور خلائی مخلوق کا مقابلہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف خلائی مخلوق کی بات کرتے ہیں لیکن نام لینے کی جرات نہیں ۔ نواز شریف کہتے ہیں کہ ان کے لئے اڈیالہ جیل میں جگہ بنائی جارہی ہے ،نواز شریف صاحب آپ کا بھائی شہباز شریف اڈیالہ جیل میں آپ کے لئے جگہ بنا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:بدمعاشی نہیں چلنے دینگے،بلاول

شیئر: