Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احسن اقبال پر قاتلانہ حملے نے پاکبانوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی

سیاست پرتشدد ہوتی جارہی ہے، اسے خون آلود ہ ہونے سے روکنا ہوگا، سیاست کا کھیل شائستہ اصولوں کے مطابق کھیلا جائے، ایسے واقعات کی روک تھام ضروری ہے
ریاض/ خمیس مشیط ( ذکاء اللہ محسن/ جی ایس ایوب) پاکستان کے وفاقی وزیر احسن اقبال پر قاتلانہ حملے نے ریاض میں مقیم پاکبانوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی۔ یہاں مختلف سیاسی، سماجی اور ادبی حلقوں نے اس پر سخت ردعمل دیا ہے۔ شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست پر تشدد ہوتی جارہی ہے اور ہمارے ہاں عدم برداشت بڑھتا جا رہا ہے۔ عدنان اقبال بٹ کا کہنا تھا کہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ انتہائی افسوسناک ہے۔ احسن عباسی کا کہنا تھا کہ یہ حملہ صرف احسن اقبال پر نہیں بلکہ ملک کے وزیر داخلہ پر ہے۔ بطور سیاسی کارکن مجھے تشدد اور خوف کی سیاست کسی صورت قابل قبول نہیں۔ قاضی اسحاق میمن کا کہنا تھا کہ تشدد ہماری سیاست کا کبھی حصہ نہیں رہا۔ خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ذیشان قاضی کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاست کو خون آلودہ ہونے سے روکنا ہوگا۔ ہمارے تمام سیاسی لیڈروں کو اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنی ہوگی۔ سید خسرو جان کا کہنا تھا کہ کبھی مذہب کے نام پر وفاقی وزیر کو مستعفی ہونے پر مجبور کیا جاتا ہے تو کبھی وفاقی وزیر خارجہ پر سیاہی پھینک دی جاتی ہے ،بخت شیر علی خان کا کہنا تھا کہ ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں، وسیم ساجد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بڑوں کو اب لازمی طور پر سوچنا اور سمجھنا ہوگا کہ سیاست میں اس طرح کی کارروائیاں ملک کو تباہ وبرباد کر دیں گی۔ محسن اور مبشر انوار کا کہنا تھا کہ سیاست کا کھیل اس کے مروجہ شائستہ اصولوں کے مطابق کھیلا جائے، کسی کی پگڑی نہ اچھا لی جائے، کسی کو بازاری الفاظ سے نہ پکارا جائے، سیاستدان پر لازم ہے۔ خمیس مشیط سے جی ایس ایوب کے مطابق جاوید چوہدری، خرم بٹ، افضل بٹ، وحید بلو ، شاہد بٹ اور دیگر نے احسن اقبال پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ قربان علی بھٹی نے کہا کہ اگر ایسے واقعات کی روک تھام نہیں کی گئی تو حالات انتخابات کیلئے سازگار نہیں رہیں گے۔ فاروق بٹ اور مظفر اعوان نے کہا کہ سیکیورٹی بڑھائی جائے۔ سید عاصم حسین شاہ، جاوید ملک اور فراست اللہ آفریدی نے کہا کہ ہم سیاست سے بالا ہوکر ملک میں امن کے خواہاں ہیں۔ محمد بشیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا چاہئے۔ 
 

شیئر: